راولپنڈی اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں زلزلہ،ایک شخص جاں بحق ،11زخمی ،لوگوں میں خوف وہراس

5.5شدت کے زلزلے سے وفاقی دارالحکومت اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقے لرز اٹھے، مرکز پٹن کے قریب 12 کلو میٹر گہرائی میں تھا،ناران میں زلزلے سے متعدد گھروں کی دیواریں گر گئیں

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 22:10

راولپنڈی اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں زلزلہ،ایک شخص جاں بحق ،11زخمی ..

اسلام آباد /پشاور/مانسہرہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم اکتوبر - 2016ء) راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکوں سے خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ مانسہرہ میں پہاڑی تودہ گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور ناران میں 11 افراد زخمی ہوگئے۔ہفتہ کو 5 اعشاریہ 5 شدت کے زلزلے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے کئی علاقے لرز اٹھے۔

زلزلے کے جھٹکے گلگت بلتستان اور خیبر ایجنسی میں بھی محسوس کیے گئے۔زلزلے کا مرکز پٹن کے قریب 12 کلو میٹر گہرائی میں تھا۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 4 تھی اور اس کا مرکز مینگورہ سے 117 کلو میٹر مشرق میں تھا۔زلزلے کے باعث زمین لرزنے سے خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں پہاڑی تودہ گرگیا، جس کے تلے دبنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

(جاری ہے)

ناران میں زلزلے کے باعث متعدد گھروں کی دیواریں گر گئیں، جس سے 11 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔زلزلے کے باعث علاقے میں مواصلاتی نظام بھی بْری طرح متاثر ہوا۔واضح رہے کہ خیبر پختونخوا اور بالائی علاقوں میں گزشتہ چند ماہ کے دوران 4 سے 6 شدت کے متعدد زلزلے آچکے ہیں۔گزشتہ سال اکتوبر میں 7.5 شدت کے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں 200 سے زائد افرادجاں بحق ہوگئے تھے۔اس سے قبل 8 اکتوبر، 2005 کو 7.6 شدت کے زلزلے نے کشمیر اور شمالی علاقوں میں تباہی پھیلا دی تھی۔زلزلے کے نتیجے میں 80 ہزار سے زیادہ افراد کی ہلاکت ہوئی تھی جبکہ 2 لاکھ سے زائد افراد زخمی اور ڈھائی لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :