سمندری طوفان میتھیوسے ہیٹی اور دیگر علاقوں میں ہلاکتوں کی تعداد 600سے تجاوز کرگئی ،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

سمندری طوفان فلوریڈا کے مشرقی ساحل سے ٹکرا گیا،120میل فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی ،6لاکھ سے زائد گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ،طوفان سے 80فیصد عمارتیں زمین بوس، متاثرہ علاقوں تک امدادی ٹیمیں پہنچنا شروع

جمعہ 7 اکتوبر 2016 21:03

سمندری طوفان میتھیوسے ہیٹی اور دیگر علاقوں میں ہلاکتوں کی تعداد 600سے ..

پورٹ او پرنس /فلوریڈا(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7 اکتوبر- 2016ء) بحر اوقیانوس سے اٹھنے والے طاقتور سمندری طوفان میتھیو سے کیریبیئن ملک ہیٹی کے جنوبی حصے اور دیگر علاقوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 600سے تجاوز کرگئی ،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ،سمندری طوفان فلوریڈا کے مشرقی ساحل سے ٹکرا گیا،120میل فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی ،6لاکھ سے زائد گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان میتھیو کے باعث ہیٹی کے جنوبی حصے میں شدید تباہی ہوئی ہے طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد600سے زائد ہوگئی ہے ۔سمندری طوفان فلوریڈا کے مشرقی ساحل سے ٹکرا گیا،120میل فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چل رہی ہے ،6لاکھ سے زائد گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

(جاری ہے)

طوفان کے باعث ہیٹی کے تیسرے بڑے شہر اور جنوبی ضلع لیکَیز کے کئی قصبے تباہی و بربادی کا شکار ہوئے ہیں۔

اسی ضلع کے ساحلی قصبے روشے بیتاؤ میں پچاس سے زائد افراد کے جان بحق ہونے کا بتایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ طوفان سے شدید متاثرہ علاقوں تک امدادی ٹیمیں پہنچنا شروع ہو گئی ہیں۔شہر جیریمی میں 80 فیصد عمارتیں زمین بوس ہو چکی ہیں جبکہ جنوبی صوبے میں 30 ہزار مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔50 کے قریب افراد کی ہلاکت جنوبی شہر روشے آ بیتیو میں ہوئی ہے۔

اس سمندری طوفان کو چوتھے درجے کا طوفان قرار دیا جارہا ہے اور اب یہ امریکی ریاست فلوریڈا کی جانب بڑھ رہا ہے۔ایک مقامی اہلکار نے بتایا کہ صرف جنوبی قصبے روشے آ بیتیو میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 50 ہے۔ہیٹی دور دراز کے متاثرہ علاقوں سے موصول ہونے والی تازہ تصاویر میں تباہی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔ایک مرتبہ پھر اس طوفان کو کیٹیگری فور میں رکھا گیا ہے اور اسے دوسرا شدید ترین طوفان قرار دیا جا رہا ہے جس کا رخ اس وقت امریکی ریاست فلوریڈا کی جانب ہے۔

میتھیو طوفان ہیٹی میں تباہی کے جمعے کی صبح فلوڑیڈا سے ٹکرا گیا۔امریکی حکام کے مطابق فلوریڈا، جورجیا اور جنوبی کیرولائنا میں 20 لاکھ سے زائد افراد کو ساحلی علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا گیا ہے۔طوفان سے شمالی کیرولائنا کے علاقے بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔اس سے قبل ہیٹی میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 23 بتائی گئی تھی لیکن جب ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے اداروں کے اہلکاروں کو جمعرات کے روز بعض دور دراز علاقوں تک رسائی حاصل ہوئی تو ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا اور یہ تعداد بڑھ کر سو سے زائد ہوگئی۔

فضا سے حاصل کی جانے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنوب مغربی قصبے جیریمی میں سینکڑوں مکانات تباہ ہو چکے ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل حکام کا کہنا تھا کہ ہیٹی میں آنے والے طوفان 'میتھیو' سے ہونے والی تباہی کے پیش نظر ملک میں ہونے والے صدارتی انتخابات کو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔ جو کہ رواں ہفتے کے اختتام پر ہونا تھے۔جنوبی ساحل سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کئی عمارتیں پانی میں بہہ گئی ہیں اور بعض کی چھتیں اکھڑ گئی ہیں۔

ہیٹی میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مورد وہبا کا کہنا ہے کہ تقریبا دس ہزار افراد عارضی خیموں میں ہیں جبکہ ہسپتالوں میں مزید جگہ نہیں ہے۔وزیر داخلہ فرانسز اینک جوزف نے بتایا ہے کہ 'ہم یہ جانتے ہیں کہ کئی، کئی مکانات تباہ ہوچکے ہیں۔ بعض مکانات کی چھتیں اکھڑ گئی ہیں جنھیں دوبارہ تعمیر کیا جائے گا جبکہ دیگر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔