بکری پال حضرات بکریوں کو حفاظتی ٹیکے لگوائیں ٬ماہرین لائیو سٹاک

جمعہ 14 اکتوبر 2016 18:07

فیصل آباد۔14 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2016ء)ماہرین لائیو سٹاک نے بکری پال حضرات کو رواں ماہ اکتوبر کے دوران بکریوں کی افزائش نسل کیلئے اقدامات کی ہدایت کر دی ہے اور کہا ہے کہ وہ بکریوں کی افزائش کے ساتھ ساتھ انہیں بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکے بھی لگوائیں تاکہ دودھ کی پیداوار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ معیاری گوشت کا حصول بھی ممکن ہو سکے ۔

ماہرین لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈویژن نے بتایا کہ اعلیٰ نسل کی علاقائی بکریاں بیتل ٬ ٹیڈی ٬ دائرہ دین پناہ ٬ ناچی وغیرہ پالنے سے بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ روا ںماہ اکتوبرکے دوران اعلیٰ صلاحیت کے حامل نر بکروں سے بکریوں کی نسل کشی کروانی چاہیے جبکہ اس اقدام کیلئے گورنمنٹ کے لائیو سٹاک فارمز سے بھی اعلیٰ اوصاف کے حامل نر بکرے مناسب قیمت پر حاصل کئے جا سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جانوروں کو متوازن خوراک ٬ سبز چارہ ٬ صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ شدید موسمی اثرات سے بچانا بھی ضروری ہے۔ انہوںنے بتایاکہ انتڑیوں کے زہر ٬ متعدی نمونیا٬ منہ کا پکنا اور چیچک کے امراض بکریوں کی افزائش نسل متاثر کرتے ہیں اس لئے بکری پال حضرات کو سال میں کم از کم 3مرتبہ وسیع الاثر کرم کش ادویات پلانی اور ویٹرنری ہسپتال سے حفاظتی ٹیکے لگوانے چاہیں ۔