انٹرمیڈیٹ سال اول کے امتحانات کے نتا ئج پر شکایات کے جائزہ کیلئے چار رکنی کمیٹی قائم

ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل خواجہ کمیٹی کے کنوینر ہوں گی وزیراعلیٰ نے کمیٹی سے نتائج پر شکایات بارے چار روز میں رپورٹ طلب کر لی

جمعہ 14 اکتوبر 2016 22:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اکتوبر2016ء)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے سال اول انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتا ئج پر شکایات کا جائزہ لینے کے لئے چار رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ کمیٹی کے کنوینر ہوں گے۔ چیئرمین وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کوکنوینر‘ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے نمائندے اور کمیٹی کی طرف سے نامزد رکن ہوں گے۔

(جاری ہے)

کمیٹی لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیراہتمام انٹرمیڈیٹ سال اول کے امتحانات کے نتائج کے بارے میں طلبہ کی شکایات اور تحفظات کا بغور جائزہ لے گی اور بورڈ کے ریکارڈ کا معائنہ بھی کرے گی تاکہ طلبہ کی شکایات کی جانچ پرکھ کی جا سکے۔ کمیٹی کو امتحانی پرچوں کی مارکنگ‘ نتائج مرتب کرنے کے طریقہ کار اور نتائج کی شفافیت کیلئے مروجہ طریق کار کا جائزہ لینے کی ذمہ داری بھی تفویض کی گئی ہے۔ خصوصی کمیٹی امتحانی پرچوں کی مارکنگ‘ نتائج کی تیاری اور دیگر امور کا جائزہ لے کرذمہ داروں کا تعین بھی کرے گی اور مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کیلئے سفارشات مرتب کر کے چار دن کے اندر وزیراعلیٰ پنجاب کو رپورٹ پیش کرے گی۔