وہاڑی کے کاشتکاروں میں لیزر لینڈ لیولر سیٹس کی تقسیم عمل میں لا ئی گئی

اتوار 23 اکتوبر 2016 21:30

وہاڑی ۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2016ء)پنجاب حکومت کی طرف سے ڈسٹرکٹ آفیسر واٹر مینجمنٹ کے دفتر میںکاشتکاروں میں لیزر لینڈ لیولر سیٹس کی سبسڈی پر فراہمی عمل میں لائی گئی٬ اس موقع پرایم این اے طاہر اقبال کے بھائی چودھری زاہد اقبال نے ای ڈی او زراعت چودھری مشتاق علی اور ڈی او واٹر مینجمنٹ محمد امجد کے ہمراہ قرعہ اندازی کے ذریعے لیزر لینڈ لیولر سٹ حاصل کرنے والے کاشتکاروں میں لینڈ لیولر سیٹ تقسیم کئے ٬چودھری زاہد اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی کمی کے مسئلہ سے نمٹنے کے لیے ہمیں اپنی زمینوں کو لیزر ٹیکنالوجی سے ہموار کرنے کی اشد ضرورت ہے٬ اس ٹیکنالوجی کے استعما ل سے نہ صرف ہم اپنے زمین کے ہر حصہ میں یکساں پانی پہنچانے میں کامیاب ہوں گے بلکہ اس سے پانی کے ضیاع کو روکنے میں بھی مدد ملے گی اور ہر پودے کو اس کی ضرورت کے مطابق پانی ملنے سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو گا٬ ای ڈی او زراعت چودھری مشتاق علی نے بتایا کہ ضلع وہاڑی میں کل94لیزر سیٹ سبسڈی پر ساڑھے بارہ ایکڑ اراضی تک کے مالکان کو قرعہ اندازی کے ذریعے پری کوالیفائیڈ فرم ایزی فارمنگ فراہم کئے جا رہے ہیں اور پنجاب حکومت کی طرف سے ایک سیٹ پر پچاس فیصد سبسڈی دی جا رہی ہے٬ تقریبا فی لیزرسیٹ پنجاب حکومت ساڑھے چار لاکھ روپے سبسڈی دی رہی ہے ٬اب تک کاشتکاروں کو 36لیزر لینڈ لیولر سیٹ فراہم کئے جا چکے ہیں ٬اس موقع پر سجاد خان کھچی ٬ عرفان خان ڈاہا٬ ملک امجدلنگڑیال بھی موجود تھے۔