سردارایازصادق سے قطر کے سفیر کی ملاقات ،دوطرفہ تعلقا ت پر گفتگو

پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں ، سپیکر قومی اسمبلی کی گفتگو

منگل 30 اپریل 2024 18:54

سردارایازصادق سے قطر کے سفیر کی ملاقات ،دوطرفہ تعلقا ت پر گفتگو
اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسی الخاطر نے منگل کو ملاقات کی جس میں پاک۔قطر تعلقات پر اطمینان کا اظہار اور ان کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ پاکستان۔قطر کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

پاکستان اور قطر کے مابین برادرانہ تعلقات مذہب ، ثقافت ،تاریخ اور باہمی اعتماد و احترام کی مظبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پارلیمانی سفارتکاری اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔دونوں برادر ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے درمیان روابط سے دونوں اقوام میں ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی کی قطر کی مجلس شوریٰ کے سپیکر حسن بن عبداللہ الغنیم کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ سپیکر نے کہا کہ قطر کا پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کیلئے تعاون قابل ستائش ہے۔پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں جن سے قطر کے سرمایہ کار مستفید ہو سکتے ہیں۔ قطری سفیر نے سپیکر قومی اسمبلی کے قطر کی عوام اور حکومت کے لیے نیک تمنائوں پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

قطر کی عوام اور حکومت ترقی یافتہ پاکستان دیکھنے کے خواہاں ہیں۔قطر کی تاجر برادری پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔سفیر نیاپنی حکومت کی جانب سے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔