پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کا اطالوی فضائیہ کے ہیڈکوارٹر ز کا دورہ٬ اطالوی ہم منصب سے ملاقات

دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین پیشہ ورانہ تربیت اور باہمی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

جمعہ 28 اکتوبر 2016 13:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے اطالوی فضائیہ کے ہیڈکوارٹر ز کا دورہ کیا۔ ایئر چیف کی آمد پراطالوی ائیر فورس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل انزو ویسرلی نے ان کا استقبال کیا ۔اطالوی فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔انہیں اطالوی فضائیہ بارے ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بعد ازاں پاک فضائیہ کے سربراہ نے اطالوی ائیر فورس کے سربراہ سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

دونوں معزز شخصیات نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ نے دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین ٹریننگ اور فضائی مشقوں کی اہمیت پر زور دیا تاکہ دونوں ممالک کی فضائی افواج ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکیں۔ ان کے اطالوی ہم منصب نے بھی اس بات سے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین پیشہ ورانہ تربیت اور باہمی تعاون کو مزید بڑھایا جائے اور مشترکہ فضائی مشقوں کا انعقاد کیا جائے۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان اطالوی فضائیہ کی خصوصی دعوت پر اٹلی کے سرکاری دورے پر ہیں۔

متعلقہ عنوان :