سانحہ 31اکتوبر 86ء کو 30سال کا طویل عرصہ گزر چکا ہے لیکن سفاک قاتل آج بھی آزاد ہیں ٬ ڈاکٹر فاروق ستار

31٬ اکتوبر 86ء کے سانحہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کروا کر ملوث سفاک قاتلوں کو قرارواقعی سزا دی جائے

اتوار 30 اکتوبر 2016 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اکتوبر2016ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے سانحہ 31اکتوبر1986ء کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ شہداء کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیاجائے گا اور حق پرست شہداء کے لہو کے صدقے تحریک ضرور اپنی منزل تک پہنچے گی ۔ سانحہ 31٬ اکتوبر 1986ء شہداء کی30ویں برسی کے موقع پراپنے خصوصی بیان میں انہوںنے کہاکہ حیدرآباد کے جلسے میں شرکت کیلئے جانے والے قافلوں پر کراچی میں سہراب گوٹھ اور حیدرآباد میں مارکیٹ چوک پر اندھا دھند فائرنگ کرکے سینکڑوں مہاجر نوجوانوں ٬ بزرگوں ٬ خواتین اوربچوں کو بیدردی سے شہید کردیا گیا لیکن آج 30سال کا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی اتنے بڑے سانحہ کے سرپرست اور دہشت گرد آزاد ہیں اور قانون کی گرفت سے محفوظ ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سانحہ 31اکتوبر 86ء کے شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ایسی تاریخ رقم کی ہے جسے فراموش نہیں جاسکتا ہے اور یہ سانحہ پاکستان کی تاریخ میں سیاہ ترین باب کی حیثیت سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ 31اکتوبر 86 ء کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائے اور اس میں ملوث سفاک قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔

متعلقہ عنوان :