وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے پنجگور میں نئے پاسپورٹ کا افتتاح اور نئے بجلی گرڈ سٹیشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا

2018تک ملک میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا ٬ تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی ٬ عبدالقادر بلوچ

پیر 7 نومبر 2016 19:13

پنجگور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2016ء) وفاقی وزیر سرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے پنجگور میں نئے پاسپورٹ آفس کا افتتاح اور بجلی کے نئے گرڈ سٹیشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی سر براہی میں قائم موجودہ وفاقی حکومت بلوچستان کے اندر احساس محرومی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں بلوچستان میں ریکارڈ رترقیاتی کام سرانجام دیئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پنجگور میں نئے پاسپورٹ آفس کے افتتاح اوربجلی کے نئے گرڈ سٹیشن کے سنگ بنیاد رکھے جانے سے مقامی لوگوں کے ساتھ کیا جانے والا ہم نے ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ آفس کا قیام نہ صرف مقامی لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے میں مدد دے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے انہوں نے کہا کہ 2018تک ملک میں بجلی کے لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا کیونکہ بجلی کے کئی نئے منصوبوں پر وزیر اعظم نواز شریف کی خصوصی دلچسپی کے باعث کام جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجگور میں بجلی کے نئے گرڈ سٹیشن کا سنگ بنیاد رکھے جانا بھی انہی منصوبوں کا ایک حصہ ہے وفاقی وزیر نے کہا کہ کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی کیونکہ ترقی کا دروازہ تعلیم کی چابی سے کھلتا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم خصوصاً فنی تعلیم کی طرف خاص توجہ دینا چاہیے کیونکہ سی پیک کے تحت قائم ہونے والی صنعتوں میں فنی تعلیم سے فارغ التحصیل نوجوانوں کیلئے روزگار کے بڑے مواقع پیدا ہونے والے ہیں۔