جامعہ سندھ جام شورو،انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائین کے 4 شعبوں میں داخلے کے لیے رجحان ٹیسٹ

پیر 14 نومبر 2016 18:52

حیدرآباد - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2016ء) جامعہ سندھ جام شورو کے انسٹیٹیوٹ آف آر ٹ اینڈ ڈیزائین کے 4 شعبوں فائن آرٹس، کمیونیکیشن ڈیزائین، ٹیکسٹائل ڈیزائین اور آرٹ ہسٹری میں داخلے کے لیے رجحان ٹیسٹ منعقد ہوا، جس میں 200 نشستوں کے لیی2431 امیدواروں نے حصہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق بیچلر ڈگری پروگرامز 2017ء کے لیے انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائین کے چار شعبوں کمیونیکیشن ڈیزائین کی 50 نشستوں، ٹیکسٹائل ڈیزائین کی 70 نشستوں، آرٹ ہسٹری کی 30 نشستوں اور فائن آرٹس کی 50 نشستوں پر داخلے کے لیے رجحان ٹیسٹ میں 2431 امیدواروں نے شرکت کی۔

ٹیسٹ تین حصوں ڈرائینگ، تحریری و زبانی امتحان کی صورت میں لیا گیا۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے ٹیسٹ سینٹر کا دورہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آرٹ جیسی مشکل، منفرد اور عام رواجی شعبوں سے مختلف نوعیت کی فیلڈ میں طلباء کی اتنی بڑی تعداد میں دلچسپی اور شرکت ایک حیران کن اور اچھا شگون ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر کلہوڑو نے مزید کہا کہ عام طور پر آرٹ کا شمار ایسے شعبوں میں ہوتا ہے، جس میں تیسری دنیا کے غریب اور ترقی پذیر ممالک میں روزگار کے مواقع کم ہوتے ہیں، لیکن شاید میڈیا کی بھرپور ترقی اور ٹیکنالوجی کے عروج کے باعث اس شعبے میں تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ افراد کے لیے وسیع جگہ بن گئی ہے۔ انہوں نے آرٹ کی فیلڈ میں لڑکیوں کی کثیر تعداد میں دلچسپی کو سراہا اور اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ خواتین کا تعلیم اور ملکی ترقی میں کردار ایک مثبت عمل ہے۔

اس موقع پر فیکلٹی آف آرٹس کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر سید جاوید اقبال، سینڈیکیٹ ممبر اور سوٹا کی صدر ڈاکٹر عرفانہ ملاح، رجسٹرار غلام محمد بھٹو، شعبے کے انچارج ڈائریکٹر پروفیسر نعمت اللہ خلجی، پروفیسر سعید احمد منگی ودیگر سینیئر اساتذہ بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :