زرعی یونیورسٹی میں فروٹ فلائی مینجمنٹ کے موضوع پر قومی کانفرنس اختتام پذیر

جمعہ 25 نومبر 2016 21:44

فیصل آباد۔25 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں پاک امریکہ مرکز اعلیٰ تعلیم برائے خوراک و زراعت کے زیراہتمام فروٹ فلائی مینجمنٹ پر قومی کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔ اختتامی سیشن کی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ کھیت کی سطح پر فروٹ فلائی کے موثر تدارک کیلئے کسانوں کی آگہی کے ساتھ ساتھ بائیوٹیکنالوجیکل طریقوں کو رواج دیا جائے ۔

اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے کہا کہ انٹومالوجی اور پلانٹ پتھالوجی کے ماہرین کو کمیشنڈ ریسرچ کا حصہ بناتے ہوئے فروٹ فلائی کے تدارک کی راہ نکالی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی ماہرین قومی زرعی پالیسی میں فروٹ فلائی کیلئے قومی ایکشن پلان کی سفارشات تیار کر رہے ہیں اور وہ اُمید رکھتے ہیں کہ کپاس سمیت آم‘ کینو اور امرودپر حملہ آور ہونے والی سنڈیوں اور کیڑوں کے موثر تدارک کیلئے حکمت عملی وضع کرنے میں انہیں کامیابی ہوگی۔

(جاری ہے)

پاک امریکہ مرکز اعلیٰ تعلیم برائے خوراک و زراعت کے چیف آف پارٹی ڈاکٹر بشیر احمد نے کہا کہ فروٹ فلائی کے حملے سے پیداوار میں 20تا 50فیصد تک کمی واقع ہوتی ہے لہٰذا ہمیں اپنے کھیت اور باغات پر مسلسل نظر رکھنی چاہئے تاکہ تھوڑی سی غیرمعمولی صورتحال کے دوران ہی تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ اختتامی سیشن سے ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر اوراسسٹنٹ پروفیسرڈاکٹر شاہد مجید نے بھی خطاب کیا۔