آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی صدر ممنون حسین اور وزیرا عظم نواز شریف سے الوداعی ملاقاتیں-صدر اور وزیراعظم کی جنرل راحیل شریف کی ملک کے لیے گراں قدر خدمات کی تعریف کی اور نیک خواہشات کا اظہار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 28 نومبر 2016 11:24

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی صدر ممنون حسین اور وزیرا عظم نواز شریف سے ..

ا سلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 نومبر۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے صدر ممنون حسین اور وزیرا عظم نواز شریف سے الوداعی ملاقاتیں کیں۔ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات میں بطور سربراہ پاک فوج ان کی قابل قدر خدمات کو سراہا۔وزیر اعظم نے جنرل راحیل شریف اور ان کے اہل خانہ کے مستقبل کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

اس کے علاوہ جنرل راحیل شریف نے صدر مملکت ممنون حسین سے بھی الوداعی ملاقات کی۔صدر ممنون حسین نے بھی جنرل راحیل شریف کی ملک کے لیے گراں قدر خدمات کی تعریف کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ جنرل راحیل شریف 29 نومبر 2016 کو آرمی چیف کے عہدے سے ریٹائر ہورہے ہیں اور ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کی کمان سنبھالیں گے۔

(جاری ہے)

لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں انسپکٹرجنرل آف ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن تعینات تھے، یہ وہی عہدہ ہے جو آرمی چیف بننے سے قبل جنرل راحیل شریف کے پاس تھا۔قمر جاوید باجوہ آرمی کی سب سے بڑی 10 ویں کور کو کمانڈ کرچکے ہیں - نئے مقرر کیے گئے فوجی سربراہ کو کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں معاملات کو سنبھالنے کا وسیع تجربہ ہے، بطور میجر جنرل انہوں نے فورس کمانڈ ناردرن ایریاز کی سربراہی کی۔

یاد رہے کہ پاک فوج کے سربراہ کی حیثیت سے 3 سال کی توسیع قبول کرنے والے جنرل اشفاق پرویز کیانی نے 2013 میں جب اعلان کیا کہ وہ دوسری بار مدت ملازمت میں توسیع نہیں لیں گے، تو اس وقت جنرل راحیل شریف آرمی چیف کی دوڑ میں پسندیدہ تصور نہیں کیے جارہے تھے۔جنرل راحیل شریف عظیم حکمت عملی ترتیب دینے والے یا مفکر بھلے نہ ہوں مگر انہوں نے ایسے سخت فیصلے ضرور کیے جن سے دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔جنرل راحیل شریف نے ایک انتہائی پروفیشنل فوجی کے طور پر اپنے عہدے سے پورے وقار سے سبکدوشی کے ساتھ اپنے ادارے کا وقار بلند کیا۔