پانامہ لیکس کیس کی سماعت ؛ سپریم کورٹ نے سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کر دی

پی ٹی‌آئی کے وکیل نعیم بخاری نے عدالت سے ایک دن کی مہلت مانگ لی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 7 دسمبر 2016 12:55

پانامہ لیکس کیس کی سماعت ؛ سپریم کورٹ نے سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کر دی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔07 دسمبر 2016ء) : پانامہ لیکس سے متعلق درخواستیں سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے پانامہ کیس کی مزید سماعت کو 9 دسمبر صبح ساڑھے نو بجے تک ملتوی کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے وکلا کو ہدایت کی تھی کہ وہ کمیشن بنانے سے متعلق موکلین سے مشاورت کر لیں۔ آدھے گھنٹے کے وقفے کے بعد پی ٹی آئی کے وکیل نعیم بخاری عدالت میں پیش ہوئے ۔

انہوں نے عدالت سے کمیشن پر مشاورت کے لیے ایک دن کی مہلت طلب کر لی، نعیم بخاری نے کہا کہ ہمیں کمیشن پر کوئی اعتراض نہیں ہے ، لیکن کمیشن نے جن اداروں کے ساتھ مل کر تحقیقات کرنی ہیں ہمیں ان پر اعتراض ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ پر ہماری طرف سے کوئی دباؤ نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے مزید بتایا کہ کمیشن کا دائرہ کار محدود ہو گا ۔

(جاری ہے)

کمیشن سپریم کورٹ کے ایک جج پر مشتمل ہو گا جسے پورا اختیار دیں گے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کمیشن کو تمام اداروں کی معاونت حاصل ہو گی۔کمیشن کسی بھی سرکاری ادارے یا پرائیویٹ ادارے کو بُلا کر تحقیق کرنے کا مجاز ہو گا۔ انکوائری کمیشن درخواستوں میں عائد کیے گئے الزامات کی تحقیقات کرے گا۔ نعیم بخاری نے کہا کہ کمیشن بنی تو اس کے ٹی او آرز کیا ہوں گے، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مشاورت کے لیے تھوڑا وقت دیا جائے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ آرام سے مشورہ کریں۔ جس کے بعد سپریم کورٹ نے کیس کی مزید سماعت کو 9 دسمبر صبح ساڑھے نو بجے تک ملتوی کر دی۔