انگلینڈ نے ممبئی ٹیسٹ کے پہلے روز 5 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنا لئے، کیتن جینگز کی ڈیبیو میں سنچری

ایشون نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا

جمعرات 8 دسمبر 2016 16:43

ممبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء) بھارت اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنالئے، اوپنر کیٹن جینگز نے 112 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ڈیبیو ٹیسٹ کو یادگار بنا لیا۔ معین علی نے نصف سنچری سکور کی۔ روی چندرن ایشون نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق وانکھیڈے سٹیڈیم، ممبئی میں انگلینڈ کے کپتان ایلسٹر کک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، کک اور ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے کیتن جینگز نے 99 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، ایلسٹر کک 46 رنز بناکر روندرا جدیجا کا نشانہ بنے۔

136 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کی دوسری وکٹ گر گئی، جو روٹ 21 رنز بنانے کے بعد ایشون کی گیند پر کوہلی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

جینگز اور معین علی نے تیسری وکٹ میں 94 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا سکور 230 تک پہنچا دیا، اس دوران کیتن جینگز نے شاندار سنچری سکور کی، معین علی تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 50 رنز بناکر ایشون کی گیند پر کرن نائر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔

جینگز 112 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ایشون کا نشانہ بنے۔ جونی بیئرسٹو زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 14 رنز بناکر ایشون کی گیند پر یادیو کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد بین سٹوکس اور جوز بٹلر نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر ٹیم کا سکور 288 تک پہنچا دیا، سٹوکس 25 اور بٹلر 18 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ ایشون نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 وکٹیں حاصل کیں۔

متعلقہ عنوان :