وزیراعلیٰ پنجاب صوبے میں سی پیک کے منصوبوں کو ’’پنجاب سپیڈ‘‘ سے آگے بڑھا رہے ہیں،وائس منسٹر کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ

اتوار 18 دسمبر 2016 20:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 دسمبر2016ء) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی سینٹرل کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وائس منسٹر زینگ شی سانگ نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے ترقیاتی وژن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں شہبازشریف کی متحرک قیادت میں سی پیک کے منصوبوں پر انتہائی برق رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے۔ میں اور میرے وفد کے اراکین شہبازشریف اور ان کی ٹیم کے کام کرنے کی غیر معمولی رفتار سے بے حد متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین ترقیاتی منصوبوں کی برق رفتاری سے تکمیل کے حوالے سے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے لیکن اب چین میں بھی ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل کا موازنہ ’’پنجاب سپیڈ‘‘ سے کیا جا رہا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب میں شہبازشریف کی صورت میں ایک وژنری قیادت موجود ہے جو منصوبوں کو معیار اور رفتار کے ساتھ آگے بڑھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور اور پاک چین معاشی تعلقات میں اضافے کیلئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے مخلصانہ کاوشیں کی ہیں اور ان کا متحرک کردار لائق تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے صوبے کو بے مثال ترقی دی ہے اور عوام کی فلاح کیلئے ان کے اقدامات اور پروگرام انقلابی نوعیت کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سے چینی زبان سیکھنے کیلئے طلبا و طالبات کو چین بھجوانا شہبازشریف کا مستحسن اقدام ہے، اس سے دونوں ممالک کے عوام میں مزید قربت بڑھے گی اور ایک دوسرے کے کلچر کو سمجھنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ انہیں پنجاب میں پاکستان چائنہ اکنامک کوریڈور کے منصوبوں پر شفافیت، معیار اور تیز رفتاری سے عملدرآمد ہوتا دیکھ کر نہایت خوشی ہوئی ہے۔