وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس، بل بورڈز اور ہورڈنگز لگانے کے حوالے سے یکساں پالیسی کے مسودہ قانون کا جائزہ

بل بورڈز اور ہورڈنگز لگانے کے حوالے سے یکساں پالیسی اپنائی جائیگی،ضلع کی سطح پر میئر اور چیئرمین ضلع کونسل کمیٹی کے سربراہ ہوں گے ،شہبازشریف

ہفتہ 7 جنوری 2017 22:50

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2017ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں بل بورڈز اور ہورڈنگز لگانے کیلئے یکساں پالیسی پر عملدرآمد کے حوالے سے مسودہ قانون کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں بورڈز اور ہورڈنگز کے حوالے سے یکساں پالیسی اپنائی جائے گی اور بل بورڈز اور ہورڈنگز لگانے کے حوالے سے حفاظتی سٹینڈرڈ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گاجبکہ خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔

انہوںنے کہا کہ بل بورڈز اور ہورڈنگز کے سائز میں یکسانیت ہونی چاہیئے اوراس ضمن میں مقامات کے انتخاب کے حوالے سے کسی ایک فرد کا صوابدیدی اختیار نہیں ہوگا، ضلع کی سطح پر میئر اور چیئرمین ضلع کونسل کمیٹی کے سربراہ ہوں گے اور صوبے میں بل بورڈزاور ہورڈنگزکے حوالے سے ہرصورت یکساں پالیسی اپنائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ بل بورڈز اور ہورڈنگز لگانے کے حوالے سے حفاظتی سٹینڈرڈ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور تمام بل بورڈز اور ہورڈنگز کے سائز میں یکسانیت ہونی چاہیئے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بل بورڈز اور ہورڈنگز کے حوالے سے مسودہ قانون کا دوبارہ بغورجائزہ لے کر جلد حتمی شکل دی جائے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے صوبے میں بل بورڈز اور ہورڈنگز لگانے کے حوالے سے مسودہ قانون کے حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، منشاء اللہ بٹ، سید ہارون سلطان بخاری، سیکرٹریز قانون، لوکل گورنمنٹ، پبلک پراسیکیوشن، ہائوسنگ، ڈی جی ایل ڈی اے اور ڈی جی پی ایچ اے نے اجلاس میں شرکت کی۔