وزیراعظم قومی صحت پروگرام کی پنجاب میں مزید توسیع‘ نارروال میں بھی افتتاح‘ ایک لاکھ 60 ہزار خاندان مستفید ہونگے

صحت کارڈ کے ذریعے لوگ نجی ہسپتالوں سے علاج کرواسکیں گے، ایک کارڈ کے ذریعے ڈھائی لاکھ روپے تک کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی، علاج کے اخراجات بڑھ جانے کی صورت میں سرکاری بیت المال سے لوگوں کا علاج ہوسکے گا پروگرام کے اختتام پر وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے عوام میں صحت کارڈز کی تقسیم

جمعرات 12 جنوری 2017 22:48

نارروال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جنوری2017ء) وزیراعظم نواز شریف نے ملک کے دیگر اضلاع کے بعد پنجاب کے ضلع نارووال میں بھی قومی صحت پروگرام شروع کرنے کا افتتاح کردیا۔اس پروگرام سے ضلع نارروال کے ایک لاکھ 60 ہزار خاندان مستفید ہوں گے۔پروگرام کی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم نواز شریف سمیت دیگر وفاقی اور مملکتی وزرا نے شرکت کی۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے وزیر اعظم کے قومی صحت پروگرام کو پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں شروع کیا گیا، جہاں اس پروگرام سے 30 لاکھ 50 ہزار افراد مستفید ہو رہے ہیں۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ وہ سیاسی مقاصد کے لیے تو ملک بھر میں جاتے رہتے ہیں ،مگر وہ آج جس مقصد کے لیے نارووال آئے ہیں، وہ بہت بڑا مقصد ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے بتایا کہ نارووال ضلع میں پروگرام کے تحت ایک لاکھ 60 ہزار خاندانوں کو صحت کارڈ دیے جاررہے ہیں، جس کے ذریعے وہ اپنا اور ہل خانہ کا بہترین علاج کرواسکیں گے۔نواز شریف نے خطاب میں کہا کہ صحت کارڈ کے ذریعے لوگ نجی اسپتالوں سے علاج کرواسکیں گے، ایک کارڈ کے ذریعے ڈھائی لاکھ روپے تک کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی، جب کہ علاج کے اخراجات بڑھ جانے کی صورت میں سرکاری بیت المال سے لوگوں کا علاج ہوسکے گا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ لوگ بیماریوں کا علاج کروانے کے لیے لوگ اپنی جائیدادیں فروخت کردیتے ہیں، پھر بھی وہ بیماری سے چھٹکارا حاصل نہیں کرپاتے۔نواز شریف نے کہا کہ ملک میں بہت سارے ایسے مریض ہیں جن کے پاس اپنے اور اہل خانہ کے علاج کے لیے پیسے نہیں، وہ نہ جانے کس طرح زندگی گزار رہے ہیں۔تقریب سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نارووال ضلع کے افراد کو اس پروگرام کے تحت صحت کارڈ کا اجرا کیا جائے گا، جس کے ذریعے غریب عوام امیروں کی طرح اپنا علاج کرواسکیں گے۔

احسن اقبال نے اپنے خطاب میں وزیر اعظم نواز شریف کو تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں بیواہوں کی تعداد کا اندازہ لگانے کے لیے سروے کرانے کے بعد تمام بیواہوں کو امداد فراہم کرکے ملک کو ایک فلاحی اورآئیڈیل اسلامی ریاست بنانے کے اقدامات کیے جائیں۔احسن اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم کا قومی صحت پروگرام لوگوں کی قسمت بدلنے کا منصوبہ ہے۔پروگرام کے اختتام پر وزیر اعظم نواز شریف نے عوام میں صحت کارڈز تقسیم کیے۔