حفیظ جالندھری نبی کریمؐ کے سچے عاشق تھے ،ان کا لکھا ہوا قومی ترانہ پڑھ کر ایمان تازہ ہوجاتا ہے، ترانہ کے بول سننے والوں پر پاکستان کی عظمت کی دھاک بٹھا دیتے ہیں،سابق صدر پاکستان محمد رفیق تارڑ

ہفتہ 14 جنوری 2017 21:27

حفیظ جالندھری نبی کریمؐ کے سچے عاشق تھے ،ان کا لکھا ہوا قومی ترانہ پڑھ ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2017ء) حفیظ جالندھری نبی کریمؐ کے سچے عاشق تھے۔ حفیظ جالندھری کا لکھا ہوا قومی ترانہ پڑھ کر ایمان تازہ ہوجاتا ہے۔ اِس ترانہ کے بول پاکستانی قوم کے دل و دماغ میں حب الوطنی کے جذبات پیدا کرتے ہیں اور سننے والوں پر پاکستان کی عظمت کی دھاک بٹھا دیتے ہیں۔ ان خیالات کاا ظہار سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ، شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں قومی ترانہ و شاہنامہٴ اسلام کے خالق ابوالاثر حفیظ جالندھری کے 117ویں یوم ولادت کے موقع پر منعقدہ خصوصی نشست سے خطاب میں کیا۔

اس موقع پر چیئرمین قومی ترانہ فائونڈیشن پروفیسر ڈاکٹر عزیز احمد ہاشمی، وائس چیئرمین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، میجر جنرل(ر) ڈاکٹر وقار احمد خان، پروفیسر ڈاکٹر خواجہ محمد زکریا، اساتذہٴ کرام اور طلبا سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

محمد رفیق تارڑ نے کہا کہ قومی ترانہ کسی بھی ملک کی پہچان کا درجہ رکھتا ہے۔

یہ اس کا امتیازی نشان ہوتا ہے۔ پاکستان کا قومی ترانہ لکھنا حفیظ جالندھری کیلئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ شاہنامہٴ اسلام بھی ابوالاثر حفیظ جالندھری کا ایک غیر معمولی کارنامہ ہے جس میں حضور پاکؐ کی حیاتِ طیبہ اور تاریخ اسلام کے واقعات بڑی شرح و بسط سے بیان کئے گئے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر عزیز احمد ہاشمی نے کہا کہ نئی نسل کو نظریہٴ پاکستان سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ پاکستان عطیہٴ خداوندی اور گزشتہ و موجودہ صدی کی سب سے بڑی تخلیق ہے۔ میجر جنرل(ر) ڈاکٹر وقار احمد خان نے کہا حفیظ جالندھری کا ایک بہت بڑا کارنامہ قومی ترانہ لکھنا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر خواجہ محمد زکریا نے کہا کہ ملک و قوم کیلئے حفیظ جالندھری کی خدمات آب زر سے لکھے جانے کے قابل ہیں۔شاہد رشید نے کہا کہ پاکستان کی قومی تاریخ میں حفیظ جالندھری کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔

قبل ازیں پروفیسر ڈاکٹر رفیق ا حمد کی قیادت میں کارکنان تحریک پاکستان ، نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ اور قومی ترانہ فائونڈیشن کے اعلیٰ عہدیداران و کارکنان نے حفیظ جالندھری کے مزار پر حاضری دی ۔ انہوں نے مزار پر پھول چڑھائے اور حفیظ جالندھری کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔

متعلقہ عنوان :