اٹلی ، برفانی تودے سے 8 لوگوں کو2روز بعد زندہ نکال لیا گیا

زلزلے سے تین منزلہ ہوٹل رگوپیانو برفانی تودے کی زد میں آگیا تھا جس سی25 افراد برف کے نیچے دب گئے تھے

جمعہ 20 جنوری 2017 20:04

روم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جنوری2017ء) اٹلی میں امدادی ٹیموں نے زلزلے کے باعث برف کے نیچے دب جانے والے ہوٹل کے ملبے سے 8 افراد کو 2 روز بعد زندہ نکال لیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق وسطی اٹلی میں دو روز قبل آنے والے زلزلے کے نتیجے میں پہاڑی چوٹی مونٹی گران سیسو کی چڑھائی پر واقع تین منزلہ ہوٹل رگوپیانو برفانی تودے کی زد میں آگیا تھا جس سے وہاں ٹھہرے 25 افراد برف کے نیچے دب گئے تھے۔

امدادی کارروائیوں میں ریسکیو اہلکاروں نے 2 بچوں سمیت 8 افراد کو زندہ باہر نکال لیا ہے جس کے بعد برف تلے دبے مزید افراد کے زندہ ہونے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔اطالوی میڈیا پر نشر کی جانے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے برف ہٹانے کے بعد ہوٹل کے مزید کمروں تک رسائی حاصل کی گئی ہے جس سے مزید افراد کے زندہ مل جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

اطالوی وزارتِ انصاف کے ایک وزیر نے بھی لوگوں کے زندہ بچ جانے کی خبر کی تصدیق کی۔امدادی کارروائیوں کے آغاز پر ہوٹل کے باہری حصے میں 2 افراد کی لاشوں اور وہاں کھڑی گاڑی میں موجود 2 افراد کو حادثے کے اگلے چند گھنٹوں میں ہی زندہ نکال لیا گیا تھا۔ہوٹل میں مقیم افراد کے اہل خانہ کے مطابق ریسکیو کا عمل نہایت سست روی کا شکار ہے اور وہ اپنے پیاروں کی خیریت جاننے کے لیے بیچین ہیں۔دوسری جانب اٹلی کی نیشنل سول پروٹیکشن ایجنسی کی جانب سے زلزلے میں دو مزید افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد اب تک کل ہلاکتوں کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :