محکمہ ترقی خواتین پنجاب کے زیراہتمام اتوار بازار ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر خواتین دوکانداروں کے سٹالز کا افتتاح

اتوار 22 جنوری 2017 18:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2017ء) وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحیدالدین نے کہاہے کہ صوبہ بھر کے اتوار بازاروں میں خواتین دوکانداروںکے لئے جگہ مخصوص کردی گئی ہے تاکہ وہ خود روزگار کما سکیں -وہ اتوار بازار ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر محکمہ ترقی خواتین پنجاب کے زیر اہتمام ، وویمن چیمبر آف کامرس اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے تعاون سے خواتین دوکانداروں کے سٹالز کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں - اس موقع پر وویمن چیمبرز کی صدر شازیہ ، ڈاکٹر شہلہ جاوید اکرم ، ڈائریکٹر طاہر علی اور دیگر بھی موجود تھے - صوبائی وزیر نے کہاکہ وویمن پیکج کے تحت تمام اتوار ، سستے اور رمضان بازاروں میں خواتین دوکانداروں کے لئے سٹالز مختص کرنے کا مقصد خواتین کے لئے معاشی خوداختیاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے - انہوں نے کہاکہ حکومت کے وژن کے مطابق خواتین کی ترقی کے لئے متعدد عملی اقدامات کئے گئے ہیں - حکومت کی خود روزگار سکیم کے تحت خواتین کوبلا سود قرضوں کی فراہمی بھی جاری ہے جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہورہے ہیں - بعد ازاں صوبائی وزیر نے خواتین کے سٹالز کا دورہ کیا اور خواتین دوکانداروں سے سٹالز کے متعلق دریافت کیا - خواتین دوکانداروں نے معاشی ترقی کے لئے حکومت کے اس اقدام کو بے حد سراہا -

متعلقہ عنوان :