گنے کے کاشتکاروں کا استحصال نہیں ہونے دیں گے ۔ کین کمشنر پنجاب

بدھ 25 جنوری 2017 23:49

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر گنے کے کاشتکاروں کا استحصال نہیں ہونے دیں گے اورانہیں مقررہ سرکاری نرخوں پر گنے کی فروخت اور شوگر ملوں سے گنے کے واجبات کی بروقت ادائیگیوں کو یقینی بنائیں گے۔اس ضمن میں کاشتکاروں کی شکایات اور مسائل کو حل کرنے کیلئے واضح اور ٹھوس حکمت عملی اختیار کی گئی ہے۔

یہ بات کین کمشنر پنجاب وقاص عالم نے ڈپٹی کمشنر آفس میں کاشتکاروں اور شوگر ملوں کے نمائندوں کی مشترکہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سلمان غنی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)محمد شاہد،اسسٹنٹ کمشنرز،ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شبیر افضل وڑائچ،ڈی او انڈسٹریز خالد محمود اور دیگر افسران کے علاوہ چنار ،حسین،رسول نواز،کنجوانی اور دیگر شوگر ملوں اور کاشتکاروں کے نمائندوں میں ریحان الحق،سید ضیاء علمدار حسین،چوہدری نذیر احمد،راجہ عبدالرشید،محمد عظیم،رانا علی اصغر،ملک عبدالستار، عبدالخالق اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کین کمشنر نے شوگر ملوں کو گنے کی فراہمی اور واجبات کی وصولی کے سلسلے میں کاشتکاروں کے مسائل سنتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے مفادات کا پورا خیال رکھا جائے گا اس ضمن میں شوگر ملوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ گنے کی پوری قیمت اور واجبات بروقت ادا کریں بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ ناجائز کٹوتی سے متعلق شکایات دور کرنے کیلئے مانیٹرنگ ٹیموں کو مزید متحرک کردیا گیا ہے جبکہ غیر قانونی اور غیر مجاز گنے کے کنڈوں کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں محکمہ انڈسٹریز اور اسسٹنٹ کمشنر پر مشتمل مشترکہ ٹیموں کی طرف سے کارروائی جاری ہے۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کہ وہ کسانوں کی تنظیموں سے قریبی رابطہ رکھیں اور مڈل مین کے کردار کو سختی سے روکا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہر شوگر ملز کے گیٹ پر تحصیل انتظامیہ کا نمائندہ موجود ہو گا تاکہ وزن،قیمت اور ناجائز کٹوتی سمیت کاشتکاروں کی دیگر شکایات کو موقع پر ہی حل کیا جاسکے۔

انہوں نے شوگر ملوں کی انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ گنے کی خریداری کے سلسلے میں طے شدہ قواعد و ضوابط،شرائط اور متعلقہ قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائیں اور کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں بھرپور تعاون کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے بتایا کہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر کنٹرول رومز کام کررہے ہیں لہذا اگر کسی کاشتکار کو گنے کی فروخت،واجبات کے حصول میں کم قیمت کی ادائیگی،وزن میں ہیرا پھیری یا دیگر کوئی شکایت ہو تو وہ فوری طور پر کنٹرول روم سے رابطہ کرسکتا ہے جس پر بلاتاخیر کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔اجلاس کے دوران شوگر ملوں کے نمائندوں نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :