گورنراقبال ظفرجھگڑاکے زیرصدارت وویمن یونیورسٹی مردان کاپہلاسینٹ اجلاس

جمعرات 26 جنوری 2017 22:45

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2017ء) ویمن یونیورسٹی مردان کا پہلا سینٹ اجلاس جمعرات کوگورنرہاؤس پشاور میں گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑاکی صدارت میںمنعقدہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیربرائے ہائیرایجوکیشن مشتاق احمدغنی ، یونیورسٹی کے وائس چانسلر، سینٹ کے دیگر ارکان اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وائس چانسلر کی جانب سے یونیورسٹی کی کارکردگی اور یونیورسٹی کے سٹیچیوٹس کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میںیونیورسٹی کے سٹیچیوٹس پرنظرثانی اور معاملات کاتفصیلی جائزہ لینے کیلئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جوپندرہ دن کے اندراپنی رپورٹ پیش کرے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے یونیورسٹی میں میرٹ اورشفافیت برقراررکھنے پر زوردیا اور کہاکہ طلباء ملک کامستقبل اور سرمایہ ہے ۔انہوں نے یونیورسٹی کی کارکردگی کوسراہا اور توقع ظاہرکی کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ویمن یونیورسٹی نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ایک الگ مقام حاصل کرے گی۔انہو ںنے کہاکہ تعلیمی نظام کو جدیددور سے ہم اہنگ اورفعال کردار کاحامل بنانے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے۔