گاڑیوں کی رجسٹریشن کی سہولیات کی فراہمی کیلئے فیصل آباد میں ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کا آغاز

اتوار 5 فروری 2017 22:20

فیصل آباد۔5 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2017ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق چیف منسٹر سپیشل مانیٹرنگ یونٹ اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کے اشتراک سے موٹر گاڑیوں کی رجسٹریشن سے متعلق شہریوں کو آسان اور تیز رفتار سہولیات کی فراہمی کے لئے فیصل آباد میں ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔

اس سلسلے میں افتتاحی تقریب میونسپل کارپوریشن کے لائل پور ہال میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں مہمان خصوصی تھے اور انہوں نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کا اجراء کیا۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی حاجی محمد اکرم انصاری ‘ بیگم خالدہ منصور ‘ شیخ اعجاز احمد ‘ چوہدری فقیر حسین ڈوگر‘ حاجی الیاس انصاری ‘ ڈاکٹر نجمہ افضل ‘ میئر میونسپل کارپوریشن محمد رزاق ملک ‘چیئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیر و دیگر بھی موجود تھے جبکہ افتتاحی تقریب میں سینئر ممبر چیف منسٹر سپیشل مانیٹرنگ یونٹ سلمان صوفی ‘ سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈاکٹر احمد بلال ‘ ڈاکٹر جنرل ایکسائز اکرم اشرف گوندل‘ ایڈیشنل ڈی جی مسعود الحق ‘ ڈائریکٹر ایکسائز احمد سعید اور محکمہ ایکسائز کے دیگر افسران کے علاوہ گاڑیوں کے ڈیلرز ‘ بلدیاتی اداروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے خطاب کرتے ہوئے فیصل آباد میں ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کا اجراء کرنے پر چیف منسٹر سپیشل مانیٹرنگ یونٹ اور محکمہ ایکسائز پنجاب کے افسران کو مبارکباد دی اور کہا کہ بہترین عوامی سہولت کے اس سسٹم کو کامیاب بنانے کے لئے انتظامی و سیاسی سرپرستی حاصل رہے گی جو حکومت کی پالیسی کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ پارٹنر شپ کے تحت انتظامی امور چلانے کی عمدہ مثال ہے جس سے ایجنٹ مافیا اور گاڑیوں کی اپلائیڈ فار کلچر کا خاتمہ ہو گا اور اس سے متعلقہ جرائم پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی ۔

سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب ڈاکٹر احمد بلال نے بریفنگ کے دوران محکمانہ کارکردگی کے بارے میں بتایا اور کہا کہ ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم درحقیقت گاڑیوں کے تاجروں پر بھر پور اعتماد کا اظہار ہے جنہیں محکمانہ امور میں حصہ دار بنایا گیا ہے ۔ ۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس میں سیکورٹی فیچرز شامل کرنے کے علاوہ کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن کارڈ کا اجراء کیا جارہا ہے جبکہ آئندہ مالی سال کے آغاز میں پنجاب کی سطح پر گاڑیوں کی رجسٹریشن یونیورسل نمبرز جاری ہونگے جس سے شہروں کا فرق ختم ہو جائے گا ۔

ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے خطاب کے دوران کہا کہ ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم حکومت پنجاب کے ان اقدامات کی اہم کڑی ہے جو بہترین سروس ڈلیوری اور شفافیت کے لئے ہر شعبے میں متعارف کرائے جارہے ہیں جس کی بدولت اداروں پر عوامی اعتماد مضبوط ہو گا ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ مال کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے ساتھ ساتھ ہیلتھ اور ایجوکیشن سمیت کسانوں کے لئے ای کریڈٹ کارڈ کے اجراء اور دیگر محکمانہ سروس کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید سسٹم کے مطابق بنانے سے عوامی مسائل حل ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس سسٹم کو کامیاب بنانے کے لئے گاڑیوں کے ڈیلرز کی بھر پور معاونت کریں گے۔ سینئر ممبر چیف منسٹر سپیشل مانیٹرنگ یونٹ سلمان صوفی نے کہا کہ ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم ایک واضح پیغام ہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کرپشن کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات کر رہے ہیں اس سلسلے میں تیز رفتار عوامی ریلیف کے لئے بہترین اصلاحات کے ذریعے محکمانہ امور کو جدت سے ہمکنار کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کے تحت شہری گاڑی خریدتے وقت ہی رجسٹریشن نمبر پلیٹ حاصل کر سکیں گے جس کی بدولت انہیں ایجنٹ مافیا سے نجات ملے گی اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑی سڑکوں پر نہیں آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں اس سسٹم کے اجراء کے بعد اب فیصل آباد ‘ بہاولپور ‘ ڈی جی خان ‘ راولپنڈی اور ملتان میں یہ سسٹم شروع کیا جارہا ہے اور عنقریب اس کا دائرہ کار پورے پنجاب تک پھیلا دیا جائے گا ۔

انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کے تحت اب تک 10 ہزار گاڑیاں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں اور لاہور میں 22 ڈیلرز کو لائسنس جاری کئے گئے ہیں جبکہ فیصل آباد میں پانچ ڈیلرز کو لائسنس دئیے جارہے ہیں ۔ بعدازاں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے اس سسٹم کی ترتیب اوراجراء کے لئے خدمات انجام دینے والے افسران و دیگر سٹاف میں شیلڈز اور فیصل آباد کے ڈیلرز میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :