وزیر مملکت برائے اطلاعات‘نشریات کا پاکستان کی70ویں سالگرہ شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان

وزیر اعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں قیام پاکستان کے 70سال مکمل ہونے پر پورا سال خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ،ْ تقریب سے خطاب

پیر 13 فروری 2017 22:17

وزیر مملکت برائے اطلاعات‘نشریات کا پاکستان کی70ویں سالگرہ شایان شان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات‘نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے پاکستان کی70ویں سالگرہ شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر ملک بھر میں قیام پاکستان کے 70سال مکمل ہونے پر پورا سال خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، ریڈیو پاکستان پر اس سلسلے میں یہ ہفتہ(دس ویک) کے نام سے پروگرام بھی شروع کیا جارہا ہے جس میں صحت ‘تعلیم ‘بنیادی ضروریات کے لئے حکومتی اقدامات ‘زراعت ‘سی پیک ‘ایس ڈی جیز سمیت ہر حوالے سے آگاہی دی جائے گی ‘ریڈیو پاکستان نے ہمیشہ پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کیا اور مصدقہ ‘بروقت اور سنسی کے بغیر اطلاعات ان علاقوں کے عوام تک پہنچائیں جہاں تک ابھی ٹی وی اور اخبارتک نہیں پہنچ سکا ۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو ریڈیو کے عالمی دن کی مناسبت سے ریڈیو پاکستان میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ ریڈیو پاکستان اور قیام پاکستان کا سفر ایک ساتھ ہے‘ قیام پاکستان کو جہاں 70سال مکمل ہورہے ہیں وہیں ریڈیو پاکستان کے قیام کے بھی 70سال مکمل ہورہے ہیں ‘قیام پاکستان کے ساتھ ساتھ ریڈیو پاکستان کے 70سال مکمل ہونے پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ۔

پورے سال کی ان خصوصی تقریبات کا آغاز آج باقاعدہ ریڈیو پاکستان سے کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب جب اس قوم اور ملک کو حوصلے کی ضرورت محسوس ہوئی ریڈیو پاکستان نے تب تب اپنا مثبت کردار ادا کیا ‘جنگوں کے دوران یا قدرتی آفات میں ریڈیو پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے ۔انہوں نے ریڈیو لیجنڈز کو خراج عقیدت اور وابستہ لوگوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پائیدار ترقی کے عمل میں ریڈیو نے مثبت کردار ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان میں بہت سے ایسے لوگ ہیں جنھوں نے پس منظر میں رہ کر اپنا کردار ادا کیا‘ریڈیو سے وابستہ ہر فرد کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے کردار کو تعمری اور مثبت بنانے میں بھی ریڈیو نے کردار ادا کیا ہے ‘اس وقت سب سے زیادہ قابل اعتماد میڈیم ریڈیو پاکستان ہے جس نے عالمی سطح پر بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 70 ویں سالگرہ آرہی ہے جسے وزیراعظم نواز شریف تعمیری کردار ادا کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ سال ریڈیو کا عالمی دن کسی تعلیمی ادارے میں منعقد کیا جانا چاہے جہاں نوجوانوں کو اس عمل میں شامل کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان انٹرن شپ پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔

وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ عالمی اداروں کے لئے بھی کمیونٹی سے رابطہ میں ریڈیو کا اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ وار پروگرام جس میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول سے متعلق امور پر بات چیت کی جائے شروع کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نئی نسل پاکستان کے قومی ورثے اور تہذیب سے دور ہوتی جارہی ہے ‘ یوتھ کے لئے قومی ورثہ اور پاکستان کے تہذیب کے عنوان سے ریڈیو پر ہفتہ وار پروگرام شروع کیا جارہا ہے اس کے ساتھ ساتھ ریڈیو پاکستان انٹر شپ پروگرام کا آغاز بھی کرنے جارہاہے جس میں کمیونیکشن سٹڈ ی میں خدمات سرانجام دینے والی یونیورسٹی کے زیر تعلیم طلباء و طالبات حصہ لے سکیں گے اور ریڈیو پاکستان کے ذریعے اپنی صلاحیت کو مزید نکھاریں گے اس کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی برادری بھی اپنے منصوبوں کے لئے دور دراز اور دشوار گذار علاقوں تک اپنا پیغام پہنچانے کے لئے ریڈیو پاکستان کا پلیٹ فارم استعمال کر کے اپنے پراجیکٹس کی تکمیل کر سکتے ہیں ۔

ریڈیو پاکستان کی ڈائریکٹر جنرل صبا محسن نے کہاکہ ٹیکنالوجی کے عصر حاضر میں ریڈیو پاکستان نے اپنی اہمیت برقرار رکھی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ریڈیو پاکستان معاشرے کے ہر طبقے کو معلومات فراہم کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ادارہ اپنی نشریات مزید بہتر بنانے کیلئے کام کررہا ہے۔

متعلقہ عنوان :