ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس

جمعرات 16 فروری 2017 22:30

لاڑکانہ ۔ 16فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2017ء) ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کاشف علی ٹیپو نے کہا ہے کہ لاڑکانہ ضلع میں امن امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے گذشتہ روز اپنے دفتر میں امن امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انہوں نے وفد کی صورت میں شرکت کرنے والے تاجر برادری، ٹرانسپورٹ، صرافہ، کریانہ، کراکری، کریانہ ایسوسی ایشن سمیت دیگر وفود کو ان کی جان و مال کی حفاظت کا ہر قیمت پر تحفظ کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری سمیت دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اپنی کسی بھی مشکلات کے لئے رابطہ کریں تاکہ ان کے مسائل حل کئے جا سکیں۔

اس موقع پر وفود نے ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ لاڑکانہ میں ٹریفک کا نظام بہتر نہیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کروائی کہ ٹریفک نظام کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل بڑھایا جائے اور رات کے اوقات میں شہر کے اندر پیٹرولنگ کی جائے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو اور ساتھ ہی ٹریفک کے نظام کو بھی درست کیا جائے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رینجرز کے کرنل محمد عاصم نے کہا کہ رینجرز اور پولیس شہر میں امن امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے اہم کردار ادا کررہی ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو، اسسٹنٹ کمشنر مسعود احمد بھٹو، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خیر محمد شیخ، فیڈریشن آف پاکستان لاڑکانہ کے صدر طارق نظیر شیخ، حافظ سلیمان شیخ، محمد اعظم شیخ، انجنیئر جاوید علی مٹھانی اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :