پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے مثالی اور سازگار ماحول موجود ہے، کویت کی تاجر برادری پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائے، حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد اور سہولت فراہم کر رہی ہے

وزیراعظم محمد نواز شریف کی کویت چیمبر آف کامرس کے اراکین پر مشتمل وفد سے گفتگو

پیر 6 مارچ 2017 22:59

پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے مثالی اور سازگار ماحول موجود ..
کویت سٹی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے مثالی اور سازگار ماحول موجود ہے اور کویت کی تاجر برادری پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائے، حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد اور سہولت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو کویت کے ببیان پیلس میں کویت چیمبر آف کامرس کے اراکین پر مشتمل ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اہم اقتصادی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی انتھک کوششوں کے بعد معیشت بحال ہو گئی ہے۔ معروف عالمی اداروں نے میکرو اکنامک استحکام، جی ڈی پی گروتھ، کم افراط زر کی شرح اور سٹاک ایکسچینج کی نئی بلندیوں میں پاکستان کی زبردست کامیابیوں کی تعریف کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی کی قلت کے معاملہ پر بہت حد تک قابو پا لیا ہے، ملک کے صنعتی شعبہ کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے، توانائی کے مختلف شعبوں بشمول ہائیڈل، تھرمل، کوئلہ، شمسی اور ونڈ توانائی میں بڑی سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس خطیر سرمایہ کاری اور میری حکومت کے ٹیم ورک سے پاکستان توانائی کی قلت پر مکمل قابو پا لے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں انفراسٹرکچر، موٹرویز اور ایکسپریس ویز کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پورے خطہ میں تجارتی اور بزنس سرگرمیوں میں اضافہ کا حامل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کوریڈور میں خطہ کے ممالک کا خیرمقدم کر رہے ہیں تاکہ وہ اس اہم پراجیکٹ سے فائدہ اٹھا سکیں۔ ملاقات کے دوران وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، معاون خصوصی طارق فاطمی اور سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین مفتاح اسماعیل بھی موجود تھے۔