پاکستان اور افغانستان کے مابین دوستانہ تعلقات قائم رہنے چاہئیں، اقبال ظفرجھگڑا

افغانستان میں امن ہوگا توپاکستان میں بھی ہوگا ،پاک چائنہ اقتصادی راہداری جہاں پاکستان کی تقدیربدلے گا وہی افغانستان بھی منصوبے کی ثمرات سے مستفید ہوگا ،گورنرخیبرپختونخوا

منگل 21 مارچ 2017 22:49

پاکستان اور افغانستان کے مابین دوستانہ تعلقات قائم رہنے چاہئیں، اقبال ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2017ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے افغان عوام کو جشن نوروز پرمبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان اور افغانستان دو ہمسایہ برادر اسلامی ممالک ہیں اوریہاں کے عوام کا مذہب، تہذیب، ثقافت اوررہن سہن ایک ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے دشمن ہمیں ایک ساتھ نہیں دیکھ سکتے، وہ نہیں چاہتے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین دوستانہ تعلقات قائم رہے اوردونوں برادرممالک ترقی کریں اور یہاں کے عوام بھی خوشحال ہو۔

وہ دورہ افغانستان کے دوران افغانستان کے صوبہ بلخ میں جشن نوروز کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں بلخ کے گورنر جنرل استاد عطاء محمدنوری ،افغانستان کے اعلی سرکاری عہدیدار اور افغان عوام بڑی تعداد میں شریک تھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گورنر انجینئراقبال ظفرجھگڑا بلخ کے گورنرکی دعوت پر جشن نوروز کی تقریب میں اعلی سرکاری اہلکاروں سمیت شرکت کیلئے گئے تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ افغانستان میں امن ہوگا توپاکستان میں بھی ہوگا اور افغانستان ترقی کرے گا توپاکستان بھی خوشحال ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری جہاں پاکستان کی تقدیربدلے گا وہی افغانستان بھی اس منصوبے کی ثمرات سے مستفید ہوگا کیونکہ یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ اس پورے خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا اور ہماری خواہش بھی ہے کہ افغانستان بھی سی پیک سے مستفید ہواور انشاء اللہ اس تجارتی روٹ سے پاکستان اورافغانستان کے درمیان دوستانہ تعلقات اوربھی مضبوط ہوں گے۔

گورنرنے کہاکہ انہیں فخرہے کہ افغان بھائیوں کو تقریباً چالیس سال تک اپنے ملک میں بھائیوں جیسے خدمت کی جس کی وجہ سے ہماری برادرانہ تعلقات کو فروغ حاصل ہوا اورکہاکہ آئندہ بھی اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھیں گے۔گورنرنے کہاکہ ان کے دورے کامقصد پاک افغان تعلقات کو مزید بہترکرناہے ۔ گورنرنے افغان عوام کو اس موقع پرجشن نوروز کی مبارکباد بھی دی۔

قبل ازیں گذشتہ روز افغانستان کے صوبہ بلخ پہنچنے پر گورنر انجینئراقبال ظفرجھگڑا کا پرتپاک استقبال کیاگیا۔ خیبرایجنسی سے رکن قومی اسمبلی حاجی شاہ جی گل آفریدی بھی گورنرکے ہمراہ تھے۔ اپنے دورے کے دوران خیبرپختونخواکے گورنرنے بلخ کے گورنرکی جانب سے دئیے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کی اور پاک افغان تعلقات اورتجارت ودیگرامورپر تبادلہ خیال کیا۔

واضح رہے کہ یہ کسی بھی گورنر کا جشن نوروز کی تقریبات میں شرکت کرنے کااپنی نوعیت کا پہلادورہ ہے جس کا مقصد پاک افغان تعلقات کو مزید فروغ دیناہے۔ صوبہ بلخ کے گورنر استادعطاء محمد نوری نے گورنرخیبرپختونخواانجینئراقبال ظفرجھگڑا کا افغانستان کادورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اسے پاک افغان تعلقات میں بہتری کیلئے سودمند قراردیا۔ عطاء محمدنوری نے اس موقع پر گورنرخیبرپختونخوا کو افغانستان کے روایتی تحائف بھی پیش کئے۔