ایم کیو ایم (پاکستان) کے اراکین سندھ اسمبلی کا پیپلز پارٹی کے وزراء کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کی پرزور مذمت

پیپلز پارٹی کے وزراء کے الزامات پر مشتمل بیان ایم کیو ایم (پاکستان) کی جانب سے حقائق پر مبنی وائٹ پیپر جاری کرنے کا شاخسانہ ہے

ہفتہ 8 اپریل 2017 21:59

ایم کیو ایم (پاکستان) کے اراکین سندھ اسمبلی کا پیپلز پارٹی کے وزراء ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے اراکین سندھ اسمبلی نے پیپلز پارٹی کے وزراء کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کس منہ سے میئر کراچی پر گھوسٹ ملازمین بھرتی کرنے کا الزام لگا رہے ہیں جبکہ وہ ابھی تک اپنے اختیارات کے حصول کی تگ و دو میں لگے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب آئے دن ذرائع ابلاغ کی زینت بننے والی وہ خبریں جس میں سندھ میں گھوسٹ اسکول، اساتذہ اور ملازمین کے چرچے رہتے ہیں آٹھ سال سے حکمراں ہیں اور لاڑکانہ شہر کو سیوریج کا نظام تک نہ دے سکے۔ یہ پیپلز پارٹی کی ہی حکومت ہے کہ جس نے محکمہ فشریز میں جرائم پیشہ افراد کو نہ صرف بھرتی کرایا بلکہ اپنے ہی علاقے لیاری کو گینگ وار کی جنگ میں دھکیل دیا۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کے وزراء بابنگ دہل یہ اعتراف کرتے رہے کہ ہم نے پیپلز امن کمیٹی قائم کی ہے اور انہیں ہتھیار بھی دیئے ہیں جو محکمہ فشریز اور دیگر اداروں سے بھتے کی صورت میں وصول کی جانے والی رقم سے ممکن ہوا۔ واٹر بورڈ میں سیاسی بھرتیوں کا الزام لگانے والے تعصب کی عینک اتار کے محکمہ تعلیم و صحت کا مشاہدہ کرلیں، سندھ سیکریٹریٹ کا منظر ان کے لئے مقام عبرت بن جائیگا۔

ایم کیو ایم پر زمینوں پر قبضے کا الزام لگانے والے یہ کیوں بھول جاتے ہیں کہ وہ گزشتہ نو برسوں سے حکومت میں ہیں۔ اگر ایسا کوئی غیر قانونی عمل ہوا تو اس کے خلاف ان کی حکومت نے کیا اقدامات کئے۔ پیپلز پارٹی کے وزراء کے الزامات پر مشتمل بیان ایم کیو ایم (پاکستان) کی جانب سے حقائق پر مبنی وائٹ پیپر جاری کرنے کا شاخسانہ ہے، ان کو آئینہ دیکھایا تو برا مان گئے۔