چیئرمین سینیٹ نے ایوان بالا کے حوالے سے جو موقف اختیار کیا، ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سید خورشید احمد شاہ

پیر 17 اپریل 2017 20:26

چیئرمین سینیٹ نے ایوان بالا کے حوالے سے جو موقف اختیار کیا، ہم انہیں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2017ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ نے ایوان بالا کے حوالے سے جو موقف اختیار کیا، ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔پیر کو قومی اسمبلی میں نکتہ ء اعتراض پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ان ایوانوں کا احترام کرنا چاہئے، گزشتہ چار سالوں سے 200 مرتبہ کورم کی نشاندہی کی گئی ہے اور 120 مرتبہ اس ایوان کا کورم ٹوٹا ہے، ہمیں ایوانوں کا احترام ہے اور رہے گا، ایسے حالات سے اس ایوان کی عوام میں جگ ہنسائی ہوتی ہے، الیکشن کے دن اب قریب آرہے ہیں، اب ہمیں عوام کی غربت بہت یاد آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ توہین رسالت کے نام پر صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک نوجوان کو قتل کر دیا گیا، اس معاملہ پر ہم نے خود عدالتیں لگالی ہیں۔

(جاری ہے)

1990ء سے اب تک توہین رسالت کے نام پر 65 افراد کو قتل کیا گیا جن میں سے کسی ایک کو بھی عدالت نے سزا نہیں دی، اسلام اس کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو متحد کرنے کیلئے ہمیں عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

اس معاملہ پر ایوان میں قرارداد آنی چاہئے، یہی قوم کو متحد کرنے کا سب سے بہتر طریقہ ہے، اس سے قوم کو پیغام جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کو یہاں سے پیغام دینے کی اشد ضرورت ہے جو آقائے دو جہاں صلی الله علیہ وسلم کے نام پر توہین آمیز کارروائیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ کے تحت سندھ کو اس کے پانی کا حصہ نہیں مل رہا، سندھ میں پینے کے پانی کا مسئلہ بھی شدت اختیار کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس ایوان سے یہ قانون منظورکیا ہے کہ جن لوگوں کو کسی جرم کی پاداش میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اٹھائیں گے، انہیں 24 گھنٹوں کے اندر عدالت میں پیش کرنا ہے۔ ہمارے تین آدمیوں کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ اس ایوان کے بنائے ہوئے قانون پر عمل درآمد نہ ہونا پورے ایوان کی توہین ہے۔

متعلقہ عنوان :