وزیراعظم کی جندال سے خفیہ ملاقات ،تحریک انصاف کی قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس کا ایجنڈہ ملتوی کرنے کی سفارش

جمعہ 28 اپریل 2017 21:52

وزیراعظم کی جندال سے خفیہ ملاقات ،تحریک انصاف کی قومی اسمبلی کے آئندہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2017ء) وزیراعظم نوازشریف کی بھارتی تاجر جندال سے خفیہ ملاقات کے معاملے پر تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس کا ایجنڈہ ملتوی کرنے کی سفارش کردی ۔ بحث کیلئے قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرادی گئی۔ تحریک التواء رکن قومی اسمبلی مراد سعید کی جانب سے جمع کروائی گئی۔ مراد سعید نے کہا کہ ایوان سجن جندال کی پاکستان آمد اور مہمان نوازی کے معاملے پر وزیر اعظم سے وضاحت طلب کرے۔

(جاری ہے)

ڈان لیکس کی رپورٹ کے ہنگام جندال کی خفیہ طریقے سے آمد انتہائی تشویشناک ہے۔بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کو سزائے موت سنائے جانے کے بعد سجن جندال کی خفیہ آمد معنی خیز ہے۔سجن جندال کو وزیر اعظم کے قافلے میں بٹھا کر ویزے کے بغیر مری لے جایا گیا۔ مراد سعید نے تحریک التوا میں یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم کے سٹاف اور دفتر خارجہ کی جانب سے جندال کے ساتھ آنے والے دو اجنبی افراد کے بارے میں معلومات چھپائی جارہی ہیں۔ملکی قوانین کو بالائے طاق رکھ کر وزیر اعظم کی جانب سے جندال کا خیر مقدم اور تحفظ کیا گیا۔( مہر علی خان)