کپاس کی تاخیر سے کاشت کمزور مزاحمت کا باعث بن سکتی ہے، محکمہ زراعت

جمعہ 5 مئی 2017 14:33

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2017ء)محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجما ن نے کہا ہے کہ کپاس کی کاشت کے علاقوں میں کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ منظور شدہ اقسام کی 31مئی تک کاشت کا عمل مکمل کر لیں کیونکہ کپاس کی تاخیر سے کاشت بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت کم ہونے کے باعث کمزور مزاحمت کا باعث بن سکتی ہے اور اس کی وجہ سے کپاس کی فصل کو نقصان پہنچنے کا احتمال رہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ دیر سے کاشت کی گئی کپاس کی بڑھوتری کم ہونے کی وجہ سے اس فصل کے بیماریوں کی زد میں آنے کا خدشہ بر وقت کاشت کی گئی فصل سے کئی گنا زیادہ ہو جاتا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ کپاس کی منظور شدہ بی ٹی اقسام کی کاشت کے علاوہ کھیت میں روائتی و غیر بی ٹی اقسام کی کاشت بھی ضروری ہے تاکہ حملہ آور سنڈیوں میں بی ٹی اقسام کے خلاف قوت مدافعت پیدا نہ ہو سکے۔ انہوںنے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ اپنے کھیتوں اور ارد گرد کی جگہ کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھیں اور محکمہ زراعت کے عملہ سے مشاورت کر کے سفارش کردہ زہروں کا مناسب استعمال یقینی بناتے ہوئے فصل کا با قاعدگی سے معائنہ بھی کرواتے رہیں۔