قومی وطن پارٹی کی قیادت عوامی حقوق کو محفوظ بنانے اور ترقی کے دور کو مسلسل جاری رکھنے کیلئے کمر بستہ ہے ، آئندہ انتخابات میں باشعور کارکنان ثابت کریں گے کہ پختون قوم کی واحد قیادت قومی وطن پارٹی ہے جس کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی حقوق کی جدوجہد کے اعتراف میں لوگ روزانہ بڑی تعداد میں قومی وطن پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے آبپاشی اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیر پائو کا اجتماع سے خطاب

منگل 23 مئی 2017 21:38

چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیر پائو نے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی کی قیادت عوامی حقوق کو محفوظ بنانے اور ترقی کے دور کو مسلسل جاری رکھنے کے لئے کمر بستہ ہے اور آئندہ انتخابات میں باشعور کارکنان ثابت کریں گے کہ پختون قوم کی واحد قیادت قومی وطن پارٹی ہے جس کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی حقوق کی جدوجہد کے اعتراف میں لوگ روزانہ بڑی تعداد میں قومی وطن پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار بٹگرام ضلع چارسدہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی ارشد خان عمر زئی،جاوید اقبال خان، مفتی افتخار اور فقیر حسین کے علاوہ ضلع چارسدہ سے قومی وطن پارٹی کے مختلف عہدیدار،بلدیاتی نمائندے اور پارٹی ورکروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر نے کہا کہ ان کی پارٹی نے ترقیاتی عمل اور عوامی خدمت کی بنیاد پر لوگوں کے دلوں میں بہتر مقام حاصل کیا ہے جس کی وجہ سے ہمارے کارکنوں کے اتحاد اور جذبے کا مقابلہ کوئی طاقت نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ پختون قوم کی خدمت اور ان کے حقوق کا تحفظ ہر محاذپر کیا جا رہا ہے اور قومی اثاثوں کو لوٹ مار سے بچاکر عوامی مفادات میں خرچ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کا کام مسلسل جاری ہے تاہم انہوں نے پاک افغان تعلقات میں بے اعتمادی کو پختونوں کے امن کیلئے خطرناک قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے حکمرانوں سے اپیل کی کہ وہ با اعتماد فضاء قائم کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں۔

سینئر صوبائی وزیر نے پرانا متھرا تا سریخ ،حاجی آباد بٹگرام تا سریخ اور بٹگرام تا کنگڑہ روڈوں کا افتتاح بھی کیا جبکہ صوبائی وزیر نے کانگڑہ تا حاجی زئی پانچ کلو میٹر روڈ ،نئے متھرا کے لئے روڈ ،کانگڑہ تا یاغی بند روڈ کی تعمیر کے علاوہ یو سی بٹگرام میں مزید10ٹرانسفارمروں،نحقی تا ہریانہ روڈ کی تعمیر اور مختلف علاقوں کی فرش بندی کے لئی50لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے علاقے کے کسانوں کو کہا کہ پنج کٹھہ جات کی تعمیر اور دو آبہ کینال پر تعمیراتی کام تکمیل کے مراحل میں ہے جس سے پورے دو آبہ کو آبپاشی کی بہتر سہولیات میسر ہوں گی۔ جلسہ سے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی ارشد خان عمر زئی نے بھی خطاب کیا۔