ٹیم کا مورال بلند، چیمپئنز ٹرافی میں فتوحات سمیٹنے کیلئے کھلاڑیوں کو متحد ہو کر کھیلنا ہو گا، مشرفی مرتضیٰ

ہفتہ 27 مئی 2017 15:51

ٹیم کا مورال بلند، چیمپئنز ٹرافی میں فتوحات سمیٹنے کیلئے کھلاڑیوں ..
برمنگھم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2017ء) بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان اور آل رائونڈر مشرفی مرتضیٰ نے کہا ہے کہ آئرلینڈ میں منعقدہ سہ ملکی ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد ٹیم کا مورال ہوا ہے، چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کو مشکل گروپ میں رکھا گیا ہے فتوحات سمیٹنے کیلئے کھلاڑیوں کو متحد ہو کر کھیلنا ہو گا۔

بنگلہ دیشی ٹیم اس وقت ون ڈے ٹیم رینکنگ میں چھٹے نمبر پر موجود ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں بنگلہ دیشی قائد نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں سے ٹیم کی کارکردگی میں بتدریج بہتری آئی ہے اور مجھے کھلاڑیوں سے آئندہ ایونٹس میں بھی اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینکنگ میں چھٹی پوزیشن حاصل کرنے پر پوری ٹیم خوش ہے اور وہ اپنی کارکردگی سے مستقبل میں اسے مزید بہتر بنانے کیلئے پرجوش ہیں تاہم مقصد کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو سرتوڑ کوشش کرنا ہو گی۔ ان کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں ہمارا گروپ مشکل ہے لیکن ہماری خوش قسمتی ہے کہ ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، کامیابیاں حاصل کرنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہو گی۔