جمہوریت کے دعوے مذاق ہیں، بھارت عملاً فاشسٹ ملک بن چکا ہے، سیدعلی گیلانی

بدھ 31 مئی 2017 12:06

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت سیاسی قیادت سے لیکر فوجی قیادت تک عملاً ایک فاشسٹ ملک بن چکا ہے اور اس کا جمہوری دعویٰ ایک مذاق بن کر رہ گیا ہے ۔ انہوںنے کشمیر کے بارے میں بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت کے حالیہ بیان اور رواں برس نو اپریل کو ایک کشمیری نوجوان کو جیپ سے باندھ کر انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے والے میجر لیتل گوگوئی کو اس مذموم اقدام پر سراہنے پر ردّعمل ظاہر کرتے ہوئے کہ راوت پوری طرف سے جن سنگھی ذہنیت رکھتے ہیں اور اسی بنا پر انہیں کئی سینئرجرنیلوں کو بائی پاس کرکے فوجی سربراہ بنایا گیا ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگرمیں جاری بیان میں کہا کہ بھارتی قیادت کو صرف کشمیر کی زمین سے دلچسپی ہے جبکہ افسوسناک بات یہ ہے کہ عالمی برادری کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی ۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی نے کہا کہ میجر لیتل گوگوئی کو سزا دینے کے بجائے اس کی حوصلہ افزائی کرنے سے یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ بھارتی فوج کو نہتے کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھٹی دی گئی ہے ۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارتی چیرہ دستوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنے عظیم شہداء کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے حوالے سے پرعزم ہیں۔ سید علی گیلانی نے بھارتی سینٹرل ریزروپولیس فورس کی مٹن سکول پر یلغار اور کئی بچوں کو زخمی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کشمیری بچوں کے تعلیمی مستقبل کو مخدوش بنا رہی ہیں۔

انہوں نے تعلیمی اداروں پر ہونے والے حملوں کی کسی غیر جانبدار ادارے کے ذریعے سے تحقیقات کرانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طلبا پر تشدد اور تعلیمی اداروں پر حملوں کا سلسلہ بند نہیں ہوا، تو آزادی پسند قیادت ہر وہ قدم اٹھائے گی، جو اس کے بس میں ہوگا۔ سیدعلی گیلانی نے بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہونے والے حافظ قرآن سرشاد احمد ڈار کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا۔

متعلقہ عنوان :