نہال ہاشمی کی زبان اداروں کو غیر محفوظ کر رہی ہے،نثار کھوڑو

نواز شریف بھوکلاہٹ کا شکار ہیں اسی لیے ان کے لوگ ایسی زبان استعمال کر رہے ہیں جب کہ نواز شریف کے بیٹے حسین نواز کی جانب سے جے آئی ٹی کے کچھ افسران پر اعتراض کرنا دراصل پاناما کے معاملے کو طول دینے کی کوشش ہے،میڈیا سے گفتگو

جمعہ 2 جون 2017 22:36

نہال ہاشمی کی زبان اداروں کو غیر محفوظ کر رہی ہے،نثار کھوڑو
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2017ء) سینئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ نہال ہاشمی کی زبان اداروں کو غیر محفوظ کر رہی ہے، نواز شریف بھوکلاہٹ کا شکار ہیں اسی لیے ان کے لوگ ایسی زبان استعمال کر رہے ہیں جب کہ نواز شریف کے بیٹے حسین نواز کی جانب سے جے آئی ٹی کے کچھ افسران پر اعتراض کرنا دراصل پاناما کے معاملے کو طول دینے کی کوشش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ زیادہ اچھا ہوتا اگر سپریم کورٹ پہلے جے آئی ٹی تشکیل دیتی اور اس کی رپورٹ کے بعد فیصلہ آتا ۔ وہ حیدرآباد کلب میں پی پی پی ضلع حیدرآباد کی جانب سے دیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ حسین نواز کو نخرے نہیں کرنے چاہیے کہ انہیں گھنٹوں انتظار کرایا گیا صحافیوں کے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمیں چور کہنے والے آج بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر معافی مانگ رہے ہیں مگر معافی سے مسئلہ حل نہیں ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رمضان سے پہلے ہماری نشاندہی کے باوجود ٹرانسمشن لائینوں کو بہتر کیوں نہ بنایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے آغاز میں اگر بجلی کی ٹرانسمیشن لائینوں کو بہتر بنانے کے لیے منصوبہ بنایا گیا ہوتا تو آج صورتحال مختلف ہوتی ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے روزے میں آدھا کراچی اور سندھ کے 13 اضلاع میں لوگوں نے سحر و افطار اندھیرے میں کیا انہوں نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت مجبور کر رہی ہے کہ لوگ سڑکوں پر نکلیں ۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ والے سیاسی شہید بنناچاہتے ہیں مگر لوگ ایسا نہیں ہونے دیں گے بجٹ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ہماری کوشش ہے کہ ترقیاتی منصوبوں پر زیادہ رقم مختص کی جائے ۔اس کے علاوہ جاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل فنڈز فراہم کر کے ان کو مکمل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پی پی پی کے پچھلے دور حکومت میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ 120 فیصد اضافہ کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ تھر میں لوگوں کو 50 کلو گندم فی گھر کے حساب سے مفت تقسیم کی جارہی ہے اس موقع پر پی پی پی حیدرآباد ڈویژن کے صدر علی نوازشاہ رضوی ، ضلع حیدر آباد کے صدر صغیر قریشی ، علی محمد سہتو ،فیاض شاہ آفتاب خانزادہ ، احسان ابڑو اور دیگر پی پی پی کے مقامی رہنما ں بھی موجود تھے۔