جی ایس پی پلس کے باعث ہی پاکستان کی برآمدات میں تیزی آئی ‘ 2013ء کے مقابلہ میں 2016میں پاکستان کی یورپی یونین کو برآمدات میں 38فیصد اضافہ ہوا‘ وزیر تجارت خرم دستگیر خان

جمعہ 2 جون 2017 23:28

جی ایس پی پلس کے باعث ہی پاکستان کی برآمدات میں تیزی آئی ‘ 2013ء کے مقابلہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2017ء) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی برآمدات میں جی ایس پی پلس کی وجہ سے تیزی آئی اور پاکستانی ملبوسات کی یورپی یونین کو کی جانے والی برآمدات میں 75فیصد اضافہ ہوا‘ 2013ء کے مقابلہ میں 2016میں پاکستان کی یورپی یونین کو برآمدات میں 38فیصد اضافہ ہوا‘ پاکستان کی یورپی یونین کو کی جانے والی برآمدات 2013 میں 4.25ارب یوروز تھیں جو کہ 2016ء میں بڑھ کر 6.28ء ارب یوروز ہو گئیں ۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کو اپنے ایک بیان میں کہی ۔ وزیر تجارت نے برآمدات میں آنے والی تیزی اور بہتری کو یورپی یونین کے تعاون کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے یورپی یونین کے کردار کو سراہا اور کہاکہ یورپی یونین کی طرف سے جی ایس پی پلس کے تحت پاکستان کو دی جانے والی تجارتی مراعات نے پاکستانی برآمدات میں تیزی لانے میں بڑا اہم کردار ادا کیا ۔

(جاری ہے)

صدر پاکستان نے بھی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے اپنے خطاب میں یورپی یونین کے مثبت کردار کو سراہا۔

جی ایس پی پلس یورپی یونین کی طرف سے دی گئی مراعات کا ایک منفرد نظام ہے اور یوری دنیا میں کوئی مارکیٹ 90سے زائد مصنوعات پر یکطرفہ طور پر ڈیوٹی فری رسائی جیسی آزادانہ رعایت نہیں دیتی جبکہ یورپی یونین نے جی ایس پی پلس کی سہولت سے استفادہ کرنے والے چند ممالک کو گڈ گورننس کے اصول اور پائیدار ترقی کی پالیسیاں اپنانے پر یہ سہولت دی ہے ۔

ڈیوٹی فری رسائی سے پاکستانی مصنوعات کو بنگلہ دیش، ویت نام ، ترکی اور بہت سے دیگر ممالک کی مصنوعات کا مقابلہ کرنے میں مدد مل رہی ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ یورپی یونین پاکستانی اشیاء کے لئے دنیا کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے اور پاکستانی اشیاء کو یورپی یونین کے 28رکن ممالک میں ڈیوٹی فری رسائی حاصل ہے ۔یورپی یونین کی جی ایس پی پلس سکیم سے پاکستان کا ٹیکسٹائل شعبہ سب سے زیادہ استفادہ کرنے والا شعبہ ہے ۔

2013ء کے مقابلہ میں 2016ء میں پاکستانی برآمدات میں بڑا اضافہ ہوا ہے اور مالیت کے لحاظ سے یہ اضافہ 55فیصد جبکہ مقدار کے لحاظ سے یہ اضافہ 33فیصد ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ جی ایس پی پلس کے باعث پاکستان کی یورپی یونی کو کی جانے والی برآمدات میں 2013ء کے مقابلہ میں 38فیصد اضافہ ہوا ۔پاکستان کی یورپی یونین کو کی جانے والی برآمدات 4.52ارب یوروز تھیں جو 2016ء میں 6.28ارب کی ہو گئیں جبکہ اسی عرصہ کے دوران یورپی یونین کو پاکستان کی طرف سے کی جانے والی ٹیکسٹائل برآمدات میں 55فیصد اضافہ ہوا یورپ کو کی جانے والی پاکستانی برآمدات میں سے گارمیٹنس اور ہوزری کی برآمدات اہم ہیں ۔