نہال ہاشمی نے ن لیگ کی زبان بولی ہے،ن لیگ کو پہلی بار جے آئی ٹی کا سامنا کرنا پڑا تو آج وہ مظلومیت کا رونا رو رہے ہیں، نثار احمد کھوڑو

جنہوں نے ساری زندگی ،پیپلز پارٹی کے قائدین کے خلاف سازش کی آج وہ منہ چھپاتے پھر رہے ہیں،افطار ڈنر سے خطاب

اتوار 4 جون 2017 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2017ء) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثاراحمد کھوڑو نے کہا ہے کہ نہال ہاشمی نے ن لیگ کی زبان بولی ہے۔ن لیگ کو پہلی بار جے آئی ٹی کا سامنا کرنا پڑا تو آج وہ مظلومیت کا رونا رو رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کے زیر اہتمام مقامی ہال میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سیکر یٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو ،نفیسہ شاہ، وقار مہدی،اقبال ساند، راشد ربانی، شہلا رضا، وقاص شوکت اور دیگر بھی موجود تھے۔نثار کھوڑو نے کہا کہ افطار کا وقت ہے اوردعا قبولیت کا وقت ہے قوم دعا کرے ن لیگ سے ہمیشہ کیلئے چھٹکارا ملے اور قوم کے ساتھ انصاف ہو۔ن لیگ نے محض اشتہارات اور قوم کا پیسہ ضائع کرنے میں ترقی کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ لسانیت کی سیاست کی ہے۔ن لیگ آج جس طرح پاکستان سمیت ملک بھر میں دلیل و رسوا ہو رہے ہیں یہ ان پر اللہ کا عذاب ہے ،نہال ہاشمی نے ن لیگ کی زبان بولی ہے۔ن لیگ کو پہلی بار جے آئی ٹی کا سامنا کرنا پڑا تو آج وہ مظلومیت کا رونا رو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ساری زندگی ،پیپلز پارٹی کے قائدین کے خلاف سازش کی آج وہ منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔ن لیگ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی باتیں محض فریب ہے۔