قطر کی برطانیہ، امریکہ اور دیگر ممالک میں 335 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری

لندن میں قطر کے پاس 879 کمرشل اور رہائشی املاک ہیں ان میں سے 26 ملین سوائر فٹ زمین تجارتی زمرے میں آتی ہے،پراپرٹی ریسرچ کمپنی ڈاچا

اتوار 11 جون 2017 17:30

قطر کی برطانیہ، امریکہ اور دیگر ممالک میں 335 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2017ء) لندن کے کسی بھی علاقے سے گزریں تو ایسا شاید ہی ممکن ہو کہ آپ کسی جگمگاتے ہوٹل یا کثیر منزلہ عمارت کی بات کریں اور اس میں قطر کا پیسہ نہ لگا ہو۔گزشتہ کئی برس میں قطر نے برطانیہ میں تقریبا 35 ارب پونڈ کی سرمایہ کاری کی ہے جو کہ اگلے پانچ برسوں میں 40 ارب پونڈ تک پہنچنے والی ہے اسی بنیاد پر کہا جانے لگا ہے کہ لندن میں جتنی زمین قطر کے پاس ہے اتنی زمین ملکہ برطانیہ کے پاس بھی نہیں ہے۔

قطر نے برطانیہ سے لے کر امریکہ اور دنیا بھر کے دیگر ممالک میں میں 335 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔اگرچہ، آنے والے پانچ سے دس سالوں میں سرمایہ کاری کی یہ رفتار تھوڑی سست پڑ سکتی ہے کیونکہ اب قطر 35 بلین امریکی ڈالر کے ساتھ سرمایہ کاری کے لیے امریکہ کا رخ کر رہا ہے. پراپرٹی ریسرچ کمپنی ڈاچا کے مطابق لندن میں قطر کے پاس 879کمرشل اور رہائشی املاک ہیں، ان میں سے 26ملین سکوائر فٹ زمین تجارتی زمرے میں آتی ہے۔

(جاری ہے)

حال ہی میں قطر نے لندن کے مشہور ڈیپارٹمنٹ سٹور ہیرڈس کو بھی 1.5ارب پائونڈ میں خریدا ہے اگر ہوٹل میں سرمایہ کاری کی بات کریں تو قطر کے پاس بارکلے، کناٹ، پارک لین میں انٹر کونٹنیٹل اور کلریز جیسے تمام ہوٹل ہیں۔ برطانیہ اپنی ضرورت کی قدرت گیس کا تقریباً پورا حصہ قطر سے ہی درآمد کرنا ہے۔ اس کے علاوہ برطانیہ کے کارپوریٹ گھرانوں جیسے سینزیری میں 22فیصد، لندن ہیتھرو ایئرپورٹ میں 20فیصد برٹس ایئر ویز کی مالک کمپنی انٹرنیشنل ایئر لائنز گروپ میں 20فیصد ہیں۔