جامعات لیکچررز کی تقرری کے لئے کم از کم تعلیمی قابلیت میں اضافہ کے فیصلہ پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں،ایچ ای سی

منگل 13 جون 2017 14:56

جامعات لیکچررز کی تقرری کے لئے کم از کم تعلیمی قابلیت میں اضافہ کے فیصلہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2017ء) جامعات میں لیکچررز کی تقرری کے لئے کم از کم قابلیت سے متعلق اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے فیصلے پر عمل درآمد کی حتمی تاریخ 30 جون قریب آچکی ہے۔ ایچ ای سی نے جامعات کو ہدایت کی تھی کہ لیکچررز کی تقرری کے لئے کم از کم تعلیمی قابلیت میں اضافہ کے فیصلہ پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ فیصلے کے تحت 18 سالہ تعلیم کو لازمی قرار دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ایچ ای سی کی طرف سے وائس چانسلرز اور ریکٹرز کو ارسال کردہ مراسلے کے مطابق جامعات کو ہدایت کی گئی تھی کہ لیکچررز کی تقرری کے لئے ایم فل، ایم ایس یا مساوی ڈگری یا غیر ملکی یونیورسٹی سے ماسٹرز تک بڑھانے کے عمل کو 30جون 2017ء تک یقینی بنائیں۔ ایچ ای سی نے اُن جامعات کو سراہا ہے جنہوں نے کمیشن کے متذکرہ فیصلے پر عمل درآمد کیا ہے اور انہیں ہدایت کی ہے کہ اس عمل کو جاری رکھا جائے۔ علاوہ ازیں ایچ ای سی جامعات کے اسسٹنٹ پروفیسرز کی کم از کم کوالیفیکیشن میں پی ایچ ڈی لیول تک اضافے کے حوالے سے بھی حتمی تاریخ میں یکم جنوری 2018ء تک توسیع کر چکا ہے۔