ڈاکٹر طاہر القادری 30 جون کو شہدائے ماڈل ٹائون کی یادگار کا افتتاح کریں گے

جن حکمرانوں کے ذمے عوام کے جان ومال کی حفاظت تھی وہ قاتل اور ڈاکو بن گئے : ڈاکٹر طاہر القادری شہر اعتکاف میں قرآن خوانی،شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء سمیت ہزاروں کی شرکت

ہفتہ 17 جون 2017 22:51

ڈاکٹر طاہر القادری 30 جون کو شہدائے ماڈل ٹائون کی یادگار کا افتتاح کریں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جون2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے شہدائے ماڈل ٹائون کی تیسری برسی کے موقع پر شہر اعتکاف میں قرآن خوانی کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن حکمرانوں کے ذمے عوام کے جان و مال کی حفاظت تھی وہ قاتل اور ڈاکو بن گئے ۔دہشتگرد گروپوں نے ہزاروں جانیں لے لیں کسی کو پرواہ نہیں ،کیونکہ دہشتگردوں کے سپورٹرز ایوانوں میں بیٹھے ہیں ۔

اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹائون کے خون سے وفا داری ہمارے ایمان کا حصہ ہے ،آخری سانس تک قصاص مانگتے رہیں گے ۔قاتل ٹولے کو ڈھیل ملی ہوئی ہے انکی پکڑ ضرور ہو گی۔قرآن خوانی کی تقریب میں پاکستان بھر سے آ ئے ہوئے ہزاروں معتکفین شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء بھی شریک تھے ۔

فاتحہ خوانی میں ڈاکٹر حسن محی الدین،خرم نواز گنڈا پور ،حماد مصطفیٰ،فیاض وڑائچ،احمد نواز انجم،رفیق نجم، جی ایم ملک،سردار شاکر مزاری ،ساجد بھٹی سمیت بڑی تعداد میں عہدے دار اور کارکنان شریک تھے ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ہم جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں یہ کمیشن وزیر اعلیٰ پنجاب نے خود بنایا تھا اور اسکی رپورٹ کو پبلک کرنے کا قوم سے وعدہ کیا تھا ۔

انہوں نے کہاکہ عوامی تحریک کے کارکنوں کی یہ قربانیاں ظالم نظام کے خاتمے کیلئے ہیں یہ خون ضائع نہیں جائے گا ۔ پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنماء لطیف کھوسہ اور سینئر قانون دان احمد رضا قصوری نے شہر اعتکاف میں سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کی اور سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے عوامی تحریک کے موقف کی حمایت کی اور کہا کہ یہ ظلم ہے اس کا ازالہ ہونا چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :