بہاولپور آئل ٹینکر سانحے کی تحقیقاتی رپورٹ اوگرا نے شیل آئل کمپنی کو حادثے کا ذمہ دار قراردیتے ہوئے ایک کروڑکا جرمانہ عائدکردیا‘کمپنی کو جاں بحق ہونے کے لیے فی کس 10لاکھ جبکہ زخمیوں کو5لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 7 جولائی 2017 15:47

بہاولپور آئل ٹینکر سانحے کی تحقیقاتی رپورٹ اوگرا نے شیل آئل کمپنی کو ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 جولائی۔2017ء) بہاولپور آئل ٹینکر سانحے کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد آئل اینڈ گیس ریگولیٹری تھارٹی (اوگرا) نے آئل کمپنی شیل پٹرولیم لمیٹڈ کو واقعے کا قصوروار ٹھہراتے ہوئے آئل کمپنی پر 1 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا ہے اور حکم دیا ہے کہ وہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کو فی کس 10 لاکھ روپے بھی ادا کرئے۔

دیا۔سانحہ احمد پور شرقیہ پر جاری ہونے والی اپنی رپورٹ میں اوگرا نے آئل کمپنی کو حادثے کا ذمہ دار قراردیا ہے-اوگرا نے شیل آئل کمپنی سانحے میں زخمی ہونے والے افراد کو بھی فی کس 5 لاکھ روپے ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔اپنی رپورٹ میں ریگولیٹری اتھارٹی کہا ہے کہ شیل کمپنی کا آئل ٹینکر کسی بھی مقررہ معیار کے مطابق نہیں تھا جبکہ کمپنی نے اوگرا اور محکمہ ایکسپلوسیوز کے قوانین بھی پورے نہیں کیے۔

(جاری ہے)

اوگرا کی 3 رکنی کمیٹی کے مطابق آئل ٹینکر کا فٹنس سرٹیفکیٹ جعلی تھا اور وہ تکنیکی معیار پر بھی پورا نہیں اترتا تھا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ قاعدے کے مطابق 50 ہزار لیٹر تیل کی نقل و حرکت کے لیے 5 ایکسل کا ٹینکر استعمال ہونا چاہیے تاہم سانحہ کا شکار ہونے والا آئل ٹینکر 4 ایکسل کا تھا۔ دوسری جانب شیل کمپنی واقعے کی ابتدائی مختصر رپورٹ کے بعد کوئی تفصیلی رپورٹ جمع کرانے میں بھی ناکام رہی۔

ٹینکر الٹنے کے نتیجے میں ہونے والی آتشزدگی پر اوگرا کا کہنا تھا کہ ٹینکر سے گرنے والا تیل بہتا رہا اور مقامی انتظامیہ فوری حرکت میں نہ آئی۔موٹروے پولیس کی کارکردگی پر رپورٹ میں کہا گیا کہ موٹروے پولیس جائے حادثہ کو فوری طور پر محفوظ بنانے میں کامیاب نہ ہوسکی جس کے بعد مقامی آبادی جمع ہوئی اور تیل برتنوں میں بھرنا شروع کردیا جو بعد ازاں آتشزدگی کا سبب بنا۔

شیل پٹرولیم لمیٹڈ کو فیصلے پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے اوگرا کا کہنا تھا کہ ہدایات پر عملدرآمد میں غفلت کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب اوگرا نے آئل کمپنیز ایڈوائزری کمیٹی کو تجویز دی کہ وہ حادثات کے حوالے سے عوام میں آگہی پھیلانے کے لیے فوری طور مہم کا آغاز کریں جبکہ مقامی حکومت اور متعلقہ ادارے نگرانی اور فوری ردعمل کو یقینی بنائیں۔ .