پشاور ، قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیر پائو کی فاٹا کے انضمام کے مسئلے کو سرد خانے میں ڈالنے کی مذمت

پختونوں کی وحدت سے تعلق رکھنے والے مسئلے کو سامنے لا کر آئندہ انتخابات سے قبل اس انضمام کو یقینی بنایا جائے،سکندر حیات خان شیر پائو

منگل 18 جولائی 2017 23:17

پشاور ، قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیر پائو کی ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیر پائو نے وفاقی حکومت کی طرف سے غیر ضروری ایشوز کو اچھال کر فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے مسئلے کو سرد خانے میں ڈالنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پختونوں کی وحدت سے تعلق رکھنے والے اس اہم مسئلے کو سامنے لا کر آئندہ انتخابات سے قبل اس انضمام کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں اپنے اتحادیوں کو فاٹا کے عوام سے لڑانے کے مذموم منصوبے کو ترک کیا جائے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار سریخ بٹگرام ضلع چارسدہ میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر غالب خان،فضل معبود خان،بلال خان،فواد خان، عبداللہ،فہیم اللہ،حمد اللہ خان اور غنی الرحمان نے اپنے درجنوں ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے ضلعی رہنمائوں ،بلدیاتی نمائندوں اور پارٹی ورکروں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ نواز نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے سمیت عوام سے جو وعدے کئے تھے ان سب کو پورا کرنے میں ناکام رہے اور عوام پر ظلم کے پہاڑ ڈھائے گئے تاہم انہوں نے کہا کہ عوام ووٹ کی طاقت سے بہت جلد ان کا احتساب کرے گی۔سکندر شیر پائو نے خبر دار کیا کہ پاکستان کی ترقی کے تمام راستے پختونوں ہی کے علاقوں سے شروع ہوتے ہیں اور جب تک پختونوں کو ان کے حقوق نہیں دئیے جاتے پاکستان کی ترقی اور مضبوط وفاق کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔

بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں حالیہ دہشت گردی کا حوالہ دیتے ہوئے سکندر شیر پائو نے کہا کہ اس مسئلے پر فوری قابو پانے کے لئے وفاقی حکومت کو دوسرے انتظامات سمیت خارجہ پالیسی باالخصوص پاک افغان تعلقات کو مستحکم اور پر امن بنانے کے لئے فوری اقدامات اٹھانے چاہئیں تاکہ پختونوں کے خون بہنے کا سلسلہ رک سکے۔اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر نے سریخ کلے کیلئے تین ٹرانسفارمروں،ٹیوب ویل تا درب گڑھی روڈ کی تعمیر اور فرش بندی کے لئے 20لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔