بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے طلباء و طالبات کے لیے سمر کیمپ کا آغازکر دیا

اس کا مقصد جامعہ میں موجود جملہ ثقافتوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہے،قائمقام صدر جامعہ ڈاکٹر بشیر احمدکاسمر کیمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

بدھ 19 جولائی 2017 16:48

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2017ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے طلباء و طالبات کے لیے ایک ماہ دورانیے کے سمر کیمپ کا آغاز کر دیا جس میں شریک طلباء و طالبات ثقافتی سرگرمیوں،کھیل، سیاحتی دوروں ، لیکچرز ، تحقیقی مقابلوں اور دیگر سرگرمیوں میں حصہ لیں گے ۔ سمر کیمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام صدر جامعہ ڈاکٹر بشیر احمد نے کہا کہ اس سمر کیمپ کا مقصد جامعہ میں موجود جملہ ثقافتوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو اتحاد کی ضرورت ہے اور نوجوان ہی وہ قوت ہیں جن کی کردار سازی کر کے ان کو مستقبل کے لائحہ عمل کا ذریعہ بنایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے طلباء پر زور دیاکہ سمر کیمپ کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کریں۔ تقریب میں جامعہ کے نائب صدر ڈاکٹر اقدس نوید ملک سمیت ڈینز ،ڈائریکٹر ،مشیر طلبا اور دیگر متعقلہ افراد بھی موجود تھے۔ سمر کیمپ کے پہلے روز طلباء نے ٹیبل ٹینس کے مقابلوں اورلیکچرز میں حصہ لیا۔ واضح رہے کہ اس کیمپ کا انعقاد جامعہ اور امام محمد بن سعود یونیورسٹی کے مشترکہ تعاون سے کیا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :