دہشت گردی ملک بھر میں سر اٹھارہی ہے اور سیاسی رہنماء کرسی کی جنگ میں مصروف ہیں،سینیٹر شاہی سید

ریاست بچانا کرسی بچانے سے زیادہ اہم ہے ،اب بھی وقت ہے ملک کی سلامتی اور مستقبل کی فکر کی جائے تاکہ ہر قیمت پر دہشت گردی کا خاتمے ممکن ہوسکے

پیر 24 جولائی 2017 23:35

دہشت گردی ملک بھر میں سر اٹھارہی ہے اور سیاسی رہنماء کرسی کی جنگ میں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر سینیٹر شاہی سید نے لاہور میں ہونے والے دھماکے اور کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور امن کو یقینی بنانے کے لیے تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف سخت ترین کاروائی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کسی قسم کی مفاہمت یا مصلحت دہشت گردوں کو طاقتور بنانے کے مترادف ہے اگر مصلحتوں کو خیبر باد کہہ دیا گیا ہوتا اس سنگین واقعہ سے بچا جاسکتا تھا ،یہ واقعہ دہشت گردوں کی کمر توڑنے کے دعووں پر سوالیہ نشان ہے ،قومی ایکشن پلان پر کہیں بھی عمل نہیں کیا گیا ،ہم مستقل بیس نکاتی قومی و عسکری ایجنڈے پر من و عن عمل کا مطالبہ کررہے ہیںمگر ارباب اختیار مسلسل خواب غفلت میں مبتلا ہے اگر نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جاتا تو ملک کی صورت حال آج سے بہت بہتر ہوتی،ریاست بچانا کرسی بچانے سے زیادہ اہم ہے ،اب بھی وقت ہے ملک کی سلامتی اور مستقبل کی فکر کی جائے تاکہ ہر قیمت پر دہشت گردی کے خاتمے ممکن ہوسکے ،انہوں نے مذید کہا کہ دہشت گردی ملک بھر میں سر اٹھارہی ہے اور سیاسی رہنماء کرسی کی جنگ میں مصروف ہیں تمام صوبائی حکومتیں اور مرکزی حکومت دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ نہیں ہیں،کئی دہائیوں سے بد امنی کے شکار شہر کی صوبائی حکومت کے پولیس سربراہ کے حوالے سے اقدامات انتہائی افسوس ناک ہے ،سیاسی مفادات سے زیادہ شہر کے امن کو اولین ترجیح بنانا ہوگا،عوامی نیشنل پارٹی شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتی ہے اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہے ،عوامی نیشنل پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ ذمہ داران کے خلاف ٹھوس کاروائی کی جائے اور دہشت گردوں کو نشان عبرت بنایا جائے ۔