آج سے شروع ہونے والا احتساب دیگر سیاسی مگر مچھوں کو بھی بہت جلد پابند سلاسل کردیں گے، عمران اسماعیل

پاکستانی قوم اب مزید کسی کرپٹ لٹیرے اور کمیشن خور سیاست دان کو برداشت نہیں کریں گے،مرکزی سینئر رہنما پی ٹی آئی کا ریلی سے خطاب

جمعہ 28 جولائی 2017 22:47

آج سے شروع ہونے والا احتساب دیگر سیاسی مگر مچھوں کو بھی بہت جلد پابند ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جولائی2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ آج پاکستان میں ایک نئی صبح کا آغاز ہوگیا ہے۔ چیئرمین عمران خان نے ایک طاقتور خاندان کو اپنی سیاسی جدوجہد سے گھر بھیج دیا ہے۔ مجھے امید ہے کہ آج سے شروع ہونے والا احتساب دیگر سیاسی مگر مچھوں کو بھی بہت جلد پابند سلاسل کردیں گے۔

پاکستانی قوم اب مزید کسی کرپٹ لٹیرے اور کمیشن خور سیاست دان کو برداشت نہیں کریں گے۔ یہ باتیں انہوں نے نواز شریف کی نا اہلی کی خوشی میں پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ کارکنان کی جانب سے نکالی جانے والی ریلی ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے براستہ شاہراہ فیصل سے گزرتے ہوئے سی ویو کلفٹن پر اختتام پزیر ہوئی جس میں پارٹی کارکنان سمیت خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکاء نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کئے اور گو نواز گو کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے اور ریلی کے اختتام پر زبرست آتش بازی کی گئی۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل شیخ، عزیز اللہ خان آفریدی ، منصور شیخ ، سبحان علی ساحل، دوا خان صابر، سردار عزیز، دیوان سچل، سیف الرحمان ، سرور راجپوت،ڈاکٹر سنجے، شجاعت ایڈوکیٹ، منور قریشی ، ارم بٹ،عبد اللہ جان، حق نواز، سرتاج خٹک ، شہناز مروت ، معراج شاہ ، رضوان خان اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔

عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ جمعہ المبارک کا دن عمران خان کے لئے ہمیشہ خوش قسمت ثابت ہوا۔ 92کا ورلڈ کپ جمعے کے دن جیتا ، تحریک انصاف کی بنیاد جمعہ المبارک کے دن رکھی ، شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کی بنیاد جمعہ المبارک کے دن رکھی اور آج پاناما کی چوری میں پکڑے گئے شریف خاندان کو جمعے کے دن گھر بھیج دیا۔ اس موقع پر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ گو نواز گو کے بعد اب گو زرداری گو کی تحریک شروع ہوگی۔

زرداری گروپ نے جتنا سندھ کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا ہے ان سے ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے کارکنان اور سندھ کے عوام زرداری اور انکے کرپٹ ٹولے کے خلاف کراچی سے لے کر اوباڑو تک بہت جلد منظم تحریک شروع کر رہے ہیں جس کا آغاز ماہ اگست کے وسط سے سکھر شہر میں ہونے والے عظیم الشان جلسے سے ہوگا۔ چیئرمین عمران خان نے تہیہ کیا ہوا ہے کہ چور کوئی بھی ہو اسے منتقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے اور عوام کے خون پسینے کے ٹیکس کے پیسے اب عوام پر خرچ ہوں گے ۔#

متعلقہ عنوان :