لاہورہائیکورٹ کی جانب ایف بی آر کو بغیر نوٹس چھاپوں سے روکنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں ‘لاہور چیمبر

جمعہ 4 اگست 2017 16:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2017ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے ایف بی آر کو بغیر نوٹس چھاپے مارنے سے روکنے کے احکامات صادر کرنے پر لاہور ہائیکورٹ کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ایف بی آر عملے کی جانب سے سیکشن 38اور 40-Bکے تحت صوابدیدی اختیارات کا ناجائز استعمال ، چھاپے اور کاروباری برادری کو ہراساں کرنے سے تاجر برادری شدید پریشان تھی لیکن معزز عدلیہ کے احکامات کے بعد صورتحال بہتر ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ قبل ازیں سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس نے احکامات دئیے تھے کہ چیئرمین ایف بی آر کی اجازت کے بغیر چھاپے نہیں مارے جائیں گے اور اسوقت کے چیئرمین ایف بی آر نے لاہور چیمبر کے دورہ کے موقع پر چھاپے نہ مارنے کا اعلان کیا تھا لیکن ایف بی آر عملے ان دونوں کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اہلکار اپنے صوابدیدی اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے صنعتکاروں و تاجروں کو ناجائز مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور کررہے تھے جس کی وجہ سے کاروباری شعبے کے مسائل میں کئی گنا اضافہ ہوگیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے ایف بی آر کو بغیر نوٹس چھاپے نہ مارنے کے احکامات اندھیرے میں روشنی کی کرن ہیں ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا کہ وہ لاہور ہائیکورٹ کے احکامات پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد کرے۔ انہوں نے ایف بی آر پر مزید زور دیا کہ وہ موجودہ ٹیکس دہندگان پر بوجھ لادنے کے بجائے اٴْن شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لائے جو آمدن رکھنے کے باوجود ٹیکس نیٹ میں نہیں ہیں۔

متعلقہ عنوان :