کبڈی پنجا ب کی مٹی کا کھیل ہے ، اس کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں، جہانگیر خانزادہ

پنجاب کے گبھرو جوانوں کا پسندیدہ کھیل کبڈی ہے، نوجوان بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، ہرممکن تعاون کرینگے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن

منگل 8 اگست 2017 20:57

کبڈی پنجا ب کی مٹی کا کھیل ہے ، اس کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2017ء) صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ کبڈی پنجاب کے کلچر کا ایک اہم حصہ ہے، دنیا کے جدید کھیلوں کے باوجود پنجاب کے روایتی کھیل آج بھی مقبول ہیں، کبڈی پنجا ب کی مٹی کا کھیل ہے جو آج بھی پنجاب میں سب سے زیادہ پسندکیا جاتا ہے جس کے فروغ کیلئے بھر پور اقدامات کئے جارہے ہیں، جلد کبڈی کی نیشنل چیمپیئن شپ منعقد کرارہے ہیں جس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ کبڈی کا کھیل پنجاب کے دیہی علاقوں کا مقبول ترین اور پنجاب کے گبھرو جوانوں کا پسندیدہ کھیل ہے، اس لئے اس کھیل کو جشن آزادی کی تقریبات میں شامل کیا گیا، کبڈی کے فروغ کیلئے جو کچھ ممکن ہوا کرینگے، دنیا میں کبڈی کا کھیل بہت مقبول ہورہا ہے، پنجاب کے نوجوان بڑھ چڑھ کر اس میں حصہ لیں، ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب پنجاب سٹیڈیم میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام جشن آزادی کی تقریبات کے حوالے سے جشن آزادی کبڈی ٹورنامنٹ کے مقابلوں میں کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات پنجاب کے گائوں گائوں، شہرشہر منعقد کی جارہی ہیں، جس کا مقصد نوجوانوں کو پاکستان کے حصول کے مقاصد سے آگاہی اور پاکستان سے محبت کرنے کا درس دینا ہے، کبڈی کے مقابلے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے، ہمارے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں، پنجاب کے مقبول ترین کھیل کبڈی کو مزید فروغ دینے کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے نیشنل کبڈی چیمپیئن شپ بھی منعقد کرائیں گے جس میں نئے کھلاڑیوں کو بھی آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ جشن آزادی کبڈی ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کا کھیل دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے ان کا ٹیلنٹ عالمی مقابلوں کے معیار سے کسی صورت کم نہیں ہے، کبڈی کے کھلاڑیوں کی تربیت اور ان کو آگے بڑھنے کیلئے ان سے ہر ممکن تعاون کریں گے، انہوں نے کہا کہ کسی دور میں کبڈی کا کھیل دیہی علاقوں تک محدود تھا آج یہ نہ صرف شہروں میں بھی مقبول ہے بلکہ دنیا میں بھی بہت مقبولیت حاصل کررہا ہے، ہمارے کھلاڑیوں نے دو بار کبڈ ی ورلڈ کپ میں چاندی کے تمغے جیتے ہیں، ہم نوجوانوں کو مزید بہتر سہولتیں اور تربیت دلا کر کبڈی ورلڈ کپ جیتیں گے۔

قبل ازیں پنجاب سٹیڈیم میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام جشن آزادی کی تقریبات کے حوالے سے جشن آزادی کبڈی ٹورنامنٹ کے مقابلے میں صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن سے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا،کبڈی کے فائنل مقابلے میں پنجاب بلیو نے پنجاب گرین کو 51-42سے شکست دیکر ٹورنامنٹ جیت لیا، مہمان خصوصی وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، بعدازاں کھلاڑیوں نے ان کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوائے۔

متعلقہ عنوان :