اسلام آبادکے تمام تھانہ جات کے تفتیشی افسران کیلئے بریفنگ سیشن کا انعقاد

بدھ 16 اگست 2017 18:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء) اسلام آباد پولیس کے تمام تھانہ جات کے تفتیشی افسران کیلئے دوسرے روز بھی بریفنگ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ ایس ایس پی اسلام آباد ساجد کیانی نے تفتیشی افسران کو ان کی استعداد کار کو بڑھانے اور دوران تفتیش کمزوریوں کے متعلق جامع بریفنگ دی۔ کسی بھی مقدمہ کی تفتیش کے دوران پیشہ وارانہ مہارت اور غیر جانبداری کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بے گناہ کے ساتھ زیادتی نہ ہو ، تفتیشی افسران عدالتوں میں پیش ہونے سے پہلے مکمل تیاری کر یں اور عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں، آئندہ کسی بھی قسم کی کوتاہی برتنے پر سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وفاقی پولیس کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ جات میں تعینات تفتیشی افسران کیلئے پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں دوسرے روز بھی بریفنگ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

بریفنگ سیشن میںایس ایس پی اسلام آباد ساجد کیانی، اے آئی جی آپریشنز فرحان زاہد، ایس ایس پی امین بخاری کے علاوہ زونل ایس پیز، ایس ڈی پی او ز، ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران نے شرکت کی۔

ایس ایس پی اسلام آباد ساجد کیانی نے بریفنگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تفتیشی افسران کی جانب سے بعض مقدمات میں کمزور تفتیش کا سختی سے نوٹس لیا گیا ہے اور اس کیلئے آئی جی اسلام آباد نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام تھانہ جات کے تفتیشی افسران کو ان کی استعداد کار کو بڑھانے اور تفتیش کے دائرہ کار کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے کیلئے کورسز کرائے جائیں گے جو کہ اگلے ہفتے سے پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں شروع کر دیئے جائیں گے۔

ان کورسز میں سینئر پولیس افسران تفتیش کے مختلف پہلوئوں پر جامع لیکچرز دیں گے۔ ایس ایس پی اسلام آباد نے کہا کہ بعض مقدمات میں تفتیشی افسران کی جانب سے کمزور تفتیش محکمہ کی بدنامی کا باعث بنتی ہے، ان لیکچرز سیشنز سے تفتیشی عمل کو مزید بہتر اور فعال بنایا جا سکے گا تاکہ مقدمات کی تفتیش کو بروقت اور صحیح طریقہ سے یکسو کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تفتیشی افسران کیلئے ان کے ذمہ مقدمات کے متعلق ایک چیک لسٹ بھی تیار کی گئی ہیں جس میں وہ روزانہ کی تفتیش کے متعلق درج کریں گے۔

ساجد کیانی نے تمام زونل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ او ز کو سختی سے ہدایا ت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے تفتیشی افسران پر توجہ دیں اور کم از کم ہفتہ میں دو بار زیر تفتیش مقدمات کے متعلق ان کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کریں ۔سپروائزری افسران درخواست کی موصولی سے لے کر چالان جمع ہونے اور کیس کے فیصلے تک تمام پراسیس کو مکمل مانیٹر کریں ۔

تفتیشی افسران عدالتوں میں پیش ہونے سے پہلے مکمل تیاری کریں اور عدالتی احکامات پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ساجد کیانی نے سختی سے کہا کہ دوران تفتیش پیشہ وارانہ مہارت اور غیر جانبداری کا مظاہرہ کریں اور اپنی بنیادی ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے محنت اورلگن سے کام کریں تاکہ کسی بھی بے گناہ کے ساتھ زیادتی نہ ہو۔ آئندہ کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور کسی مقدمہ میں تفتیش کے متعلق شکایت پر سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :