پانامہ کا ہنگامہ جاری،نیب نے عزیزیہ سٹیل ملز کیس میں نواز شریف اور انکے بیٹوں کی طلبی کے سمن جاری کردئیے

نواز شریف حسن اور حسین نواز سے کل پوچھ گچھ کی جائے گی ، نیب راولپنڈی کی ٹیم کرے گی لاہور جائے گی عزیزیہ سٹیل ملز کے سرمائے کی منی ٹریل غائب ہے، شریف خاندان کی گرفتاری بھی ہو سکتی ہے، فواد چوہدری شریف خاندان کو نیب کے مقدمہ میں عدالت سے ضمانت لینا پڑے گی ،شیخ رشید

بدھ 16 اگست 2017 23:12

پانامہ کا ہنگامہ  جاری،نیب نے عزیزیہ سٹیل ملز کیس میں نواز شریف اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2017ء) پانامہ کا ہنگامہ کسی طور شریف خاندان کا پیچھا چھوڑنے کیلئے تیار نہیں، بڑی عدالت کے بڑے فیصلے کے بعد قومی احتسا ب بیورو (نیب )نے عزیزیہ سٹیل ملز کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف ،انکے بیٹوں حسن اور حسین نواز کو کل 18اگست کو لاہور میں طلب کر لیا ہے ،ان سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق نیب راولپنڈی نے 11اگست کو نواز شریف ،حسن نواز اور حسین نواز کو عزیزیہ سٹیل ملز کیس میں طلبی کے نوٹس جاری کئے گئے ہیں اور 18اگست کو نیب لاہور آفس میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں شریف خاندان سے عزیزیہ سٹیل ملز کیس سے متعلق پوچھ گچھ کی جائے گی، کیس کی تفتیش اور پوچھ گچھ نیب راولپنڈی کی ٹیم کرے گی۔

اس کیس میں نیب راولپنڈی کی ٹیم لاہور میں نواز شریف اور ان کے بیٹوں کا بیان قلمبند کرنے جائے گی ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں نیب میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کیس 23اگست کو دیکھا جائے گا۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے 28جولائی کو پانامہ کیس کے فیصلے میں دیئے گئے حکم پر نیب کی جانب سے شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز تیار کئے جا رہے ہیں،سپریم کورٹ نے اپنے تاریخی فیصلے میں محمد نواز شریف کو نااہل قرار د یا تھا ان سمیت خاندان کے دیگر افراد کے علاوہ اسحاق ڈار کیخلاف کیسز نیب کو بھیجتے ہوئے حکم جاری کیا تھا کہ چھ ہفتوں کے اندر تمام ریفرنسز تیار کر کے احتساب عدالت میں فائل کئے جائیں اور احتساب عدالت کو پابند کیا گیاتھا کہ وہ چھ ماہ میں ان ریفرنسز پر فیصلہ دے ۔

دوسری جانب سابق وزیر اعظم اپنی نااہلی کے بعد عہدہ چھوڑنے کے باوجود مسلسل عدالتی فیصلے کو ماننے سے انکاری ہیں اور وہ اپنے حالیہ جی ٹی روڈ مشن میں اس کا برملا اظہار بھی کرچکے ہیں ا و ر کھل پر عدلیہ کے ججز اور جے آئی ٹی کے ارکان کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں ،جس پر آئینی و قانونی ماہرین یہ رائے بھی رکھتے ہیں کہ سابق وزیر ا عظم توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں ۔

دریں اثناء تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عزیزیہ سٹیل ملز کے سرمائے کی منی ٹریل غائب ہے شریف خاندان نے گلف سٹیل ملز بیچ کر عزیزیہ سٹیل ملز لگائی تھی اور وہ ذرائع ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ اس کیس میں شریف خاندان کو ضمانت بھی لینا پڑے گی جبکہ نواز شریف حسن اور حسین نواز کی گرفتاری بھی ہو سکتی ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے بھی کہا ہے کہ شریف خاندان کو نیب کے مقدمہ میں عدالت سے ضمانت لینا پڑے گی ۔