ْمہاجرقومی موومنٹ کی جانب سے جلسے کی اجازت نہ دینے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر

جمعرات 17 اگست 2017 23:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2017ء) مہاجر قومی موومنٹ کی جانب سے لانڈھی میں جلسہ کی اجازت عین وقت پر منسوخ کرنے اور دوبارہ اجازت نہ دینے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ۔ مرکزی سیکریٹری اطلاعات خالد حمید کی جانب سے معروف قانون دان سہیل حمید ایڈووکیٹ نے مقدمہ دائر کیا ۔ درخواست جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد حمید نے کہا کہ 23جولائی کو مہاجر قومی موومنٹ کا لانڈھی میں ہونے والا جلسہ منسوخ کرنے کیلئے پولیس اور ڈپٹی کمشنر نے سیکیورٹی صورتحال کا بھونڈا جواز گھڑا ،اگر شہر میں صورتحال اتنی ہی خراب تھی تو پھر دیگر جماعتوں کو ریلیاں نکالنے سے کیوں نہیں روکا گیا ۔

خالد حمید نے کہا کہ سندھ حکومت اور حکومتی مشینری دراصل مہاجروں کے اتحاد سے خوفزدہ ہے اور ساری پابندیاں مہاجر نام پر سیاست کرنے کی وجہ سے ہم پر ہی عائد کی جارہی ہیں یہی وجہ ہے کہ دوبارہ 30جولائی کو جلسے کا اجازت نامہ دینے سے بھی انکار کیا گیا حالانکہ اسی روز کورنگی 51/Cمیں بھی جلسہ ہوا اور سندھ حکومت کے وزراء نے اس میں شرکت کی اسکے علاوہ 6اگست کو آرسی ڈی گرائونڈ میں بھی جلسے کی اجازت دی گئی ،ایک ہی ضلعے میں دو مختلف جلسوں کا ہونا اور مہاجر قومی موومنٹ کو تاحال اجازت نہ دینا اس بات کا غماز ہے کہ ہماری سیاسی سرگرمیوں پر ابھی تک ریاستی پابندی عائد ہے اور مہاجروں کو مساوی حقوق دینے سے حکومتی مشینری گریزاں ہے ۔

(جاری ہے)

خالد حمید نے کہا کہ پاکستانی آئین ہر شہری اور جماعت کو پرامن سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دیتا ہے ،مہاجر قومی موومنٹ کو جلسہ سے روک کر ناصرف آئین کی دھجیاں اڑائی گئیں بلکہ توہین عدالت بھی کی گئی کیونکہ سندھ ہائیکورٹ مہاجر قومی موومنٹ کو پرامن سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دے چکی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ کو ریلیف عدالتوں سے ملا اس لئے ایک بار پھرعدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے ،ہمیں امید ہے کہ عدالت عالیہ ہمارے ساتھ انصاف کرے گی۔

متعلقہ عنوان :